Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اکانومسٹ کا مضمون عمران خان نے خود لکھا، پی ٹی آئی کی وضاحت

یہ مضمون پہلی اشاعت کے بعد سے کم از کم 7 بار دوبارہ پوسٹ کیا گیا ہے۔
شائع 09 جنوری 2024 03:58pm

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان سے منسوب ایسی خبروں کی تردید کی ہے کہ برطانوی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ میں لکھا جانے والا مضمون مصنوعی ذہانت کی مدد سے لکھا گیا۔

عمران خان نے اپنے مضمون میں اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ، ’پاکستان میں عام انتخابات مقررہ تاریخ 8 فروری کو بالکل بھی نہیں ہوں گے، اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو بھی اس طرح کے انتخابات تباہی اور تماشہ ہوں گے کیونکہ پی ٹی آئی کو انتخابی مہم چلانے کے بنیادی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔‘

یہ مضمون دی اکانومسٹ میں جمعرات 4 جنوری کو پہلی بار شائع کیا گیا تھا جس کے بعد سے اسے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے کم از کم 7 بار دوبارہ پوسٹ کیا گیا ہے۔ ان پوسٹس کو 25 ملین سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

انگریزی روزنامہ ڈان میں آج شائع ہونے والی خبر کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ، ’انہوں نے یہ مضمون خود نہیں لکھا بلکہ یہ ان نکات پر مبنی تھاجو انہوں نے طے کیے تھے اور انہیں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے الفاظ میں ڈھالا گیا تھا‘۔

خبر کے ذرائع حوالے سے بتایا گیا کہ عمران خان نے یہ دعویٰ پیر 8 جنوری کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس اور توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے بعد کوریج کیلئے جیل کے اندر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

تاہم اب پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس ہینڈل پر اس حوالے سے تردید سامنے آئی ہے۔

ایکس پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ مقامی میڈیا کی طرف سے نشر کی جانے والی خبریں / رپورٹس درست نہیں ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ مضمون پی ٹی آئی کے تاحیات چیئرمین عمران خان نے ہی تحریر کیا ہے۔

پوسٹ کے مطابق عمران خان اڈیالہ جیل میں انتقامی طور پر قید ہیں جہاں ایسے ذرائع کے استعمال کا کوئی طریقہ نہیں۔

pti

imran khan

The Economist Article