Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کویت : ایک ہزار سے زائد تارکین وطن گرفتار، ملک بدری کا فیصلہ

یکم جنوری سے 31 دسمبر تک 42 ہزار 892 تارکین وطن کو ملک بدر کیا گیا
شائع 09 جنوری 2024 09:38am

کویت میں نئے سال کے پہلے پانچ روز کے دوران سیکیورٹی کریک ڈاؤن کے دوران مختلف قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزار سے زائد تارکین وطن کو گرفتار کرلیا گیا۔

حراست میں لیے گئے زیادہ تر افراد کو اب قانون کے مطابق ملک بدر کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد کی ہدایت پر یہ سیکیورٹی مہم ملک سے غیر قانونی کارکنوں کو ملک بدر کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

شیخ طلال الخالد نے ان مہمات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے ملازمت کے قانونی طریقوں کو برقرار رکھنے کے عزم کو اجاگر کیا ہے۔

گزشتہ سال کے اوائل میں کویت کی وزارت داخلہ نے مقامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سب سے زیادہ تارکین وطن کو ملک بدری کیا تھا۔

یکم جنوری سے 31 دسمبر تک کے اعداد و شمار کے مطابق 42 ہزار 892 تارکین وطن کو ملک بدر کیا گیا جن میں 17 ہزار 701 خواتین بھی شامل ہیں۔

ان میں سے 42,265 کو انتظامی ملک بدری کے زمرے میں رکھا گیا تھا، جن میں 24،609 مرد اور 17،656 خواتین شامل تھیں۔ اس کے علاوہ 627 کی عدالتی ملک بدری کی گئی جن میں 582 مرد اور 45 خواتین شامل ہیں۔

ملک بدری کی تعداد میں نمایاں اضافے کی وجہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کیے جانے والے فعال حفاظتی اقدامات اور مہمات ہیں۔

Kuwait

deport