Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سانگھڑ کے 3 اے آر اوز پیر پگاڑا کے مرید ہیں، شازیہ مری

خدشہ ہے الیکشن میں عقیدت کو استعمال کیا جائے گا، شازیہ مری
شائع 09 جنوری 2024 09:02am

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ سانگھڑ میں نیوٹرل اے آر اوز کو تعینات کیا جائے۔

شازیہ عطاء مری نے سانگھڑ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی الیکشن کی تاریخ آئی ہم نے کام شروع کر دیا، سانگھڑ کے دورے پر نکلی تو ان لوگوں نے میرے راستے میں رکاوٹیں ڈالیں، روحانیت اور سیاست الگ چیزیں ہیں، ہمارا تعلق بھی روحانیت سے ہے، ہمارے ساتھ پیر صاحبان جو کام کرتے ہیں میں ان سے دعا بھی لیتی ہوں۔

شازیہ مری نے کہا کہ سانگھڑ میں تین جماعتی اے آر اوز کو تعینات کیا گیا ہے، ہمیں خدشہ ہے کہ الیکشن میں عقیدت کو استعمال کیا جائے گا، تین اے آر اوز جن میں ایک نظیر ہنگورو، عرس راجڑ اور ایوب نظامانی شامل ہیں یہ پیر پگاڑا کے مرید بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتی ہوں کہ اگر آپ سانگھڑ میں صاف شفاف الیکشن کرانے کے خواہاں ہیں تو ان تینوں اے آر اوز کو فارغ کرکے وہ لوگ لائیں جو نیوٹرل ہوں، یہاں سانگھڑ شہر میں خونریزی ہوئی ہے، ہم نے اپنے لوگوں کو کھویا ہے، ہم اپنے کسی کارکن کو نقصان پہنچتا نہیں دیکھ سکتے۔

شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں لوگوں کی شمولیت روکنے کیلئے ہتھکنڈے استمال کیے جارہے ہیں، میں نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے، لوگوں کو سیاسی فیصلہ کرنے سے نہیں روکا جاسکتا۔

شازیہ مری نے کہا کہ جی ڈی اے امیدوار اپنے رشتہ دار بھیج کر فساد کرانا چاہتا ہے، مخالفین کی خواہش ہے کہ کوئی حادثہ یا فساد ہو تاکہ الیکشن نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں پیرپگارا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتی ہوں۔

Shazia Marri

sanghar

Pir Pagara

Election 2024

Election Jan 9 2024