Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فضل الرحمان کی الیکشن ملتوی کرنے کی سینیٹ کی قرارداد کی حمایت

ماحول کی بہتری کیلئے اگر انتخابات ملتوی ہوجائیں تو آسمان نہیں گر پڑے گا، امیر جے یو آئی
شائع 07 جنوری 2024 11:33pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے الیکشن ملتوی کرنے کی سینیٹ کی قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ماحول کی بہتری کیلئے انتخابات ملتوی ہوجائیں تو آسمان نہیں گر پڑے گا۔

دورہ افغانستان سے قبل مولانا فضل الرحمان نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کی، یہ پروگرام ریکارڈ کیا گیا۔ میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن ملتوی کرنے کی سینیٹ کی قرارداد ہمارے مؤقف کی تائید ہے، الیکشن کا ماحول نہیں ہے ہم جلسوں میں نہیں جا سکتے، ہمارے جلسوں میں شرکت پر لوگوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

امیر جے یو آئی نےکہا کہ حالات کی سنگینی کا ادراک کیا جائے، ماحول کو اس قابل بنایا جائے کہ ہم ووٹر کے پاس جا سکیں، ہمیں الیکشن چاہئیں اور الیکشن کیلئے ماحول بھی چاہیے، ماحول ایسا نہیں کہ جا کر ووٹ مانگ سکوں، مجھے بھی دھمکیاں ملیں، جان کو خطرہ ہے، اب جلسوں میں نہیں جاسکتا۔

انھوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کا ماحول نہیں ہے البتہ اگر ہرصورت الیکشن مسلط کیے جاتے ہیں تو ہم انتخابات میں حصہ لیں گے، ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ لفظ ایک جماعت کیلئے استعمال ہورہا ہے، لاڈلے کو سپورٹ کیا جارہا ہے، کل بھی لاڈلا ایک ہی تھا، آج بھی لاڈلا ایک ہی ہے۔

دورہ افغانستان پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنگجو نہیں مذاکرات اور مصالحت پر یقین رکھتا ہوں، دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری اور استحکام لائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ مجھےعلم نہیں کہ خطرہ کس طرف سے ہے، دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری اوراستحکام لائیں گے۔ جے یو آئی واحد جماعت ہے جس نے امارات اسلامیہ کی حمایت کی، پاکستان اور افغانستان پڑوسی ہیں، پڑوسی بدلے نہیں جاسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ امارات اسلامیہ نے مجھے دورے کی دعوت دی، ہم نے دورے کی دعوت سے حکومت پاکستان کو آگاہ کیا، افغان شوریٰ سے ملاقاتیں کریں گے، دورہ افغانستان جے یو آئی کا ہے، ریاست کا نہیں۔

Molana Fazal ur Rehman

Pakistan Politics

Election 2024

انتخابات 2024