میئر کے انتخاب میں پیپلزپارٹی سب کے سامنے بے نقاب ہوگئی، حافط نعیم الرحمان
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ میئر کے انتخاب میں پیپلزپارٹی سب کے سامنے بے نقاب ہوگئی، پھٹے ہوئے غباروں میں چاہے جتنی ہوا بھرنے کی کوشش کرلیں وہ کبھی نہیں بھریں گے۔
کراچی میں انتخابی مہم کے حوالے سے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں ایک ماہ کا وقت ہے، کارکنان عوام کو امید دلائیں اور نوجوانوں کو ساتھ ملائیں، ہر شہری سے رابطہ کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ 8 فروری ترازو، جماعت اسلامی اور تعمیر و ترقی کا دن ہوگا، کراچی کی تعمیر و ترقی سے پاکستان کی ترقی ہوگی، 8 فروری شہر کراچی انقلاب کی نوید بن کر پورے پاکستان کو حوصلہ دے گا، پورے پاکستان میں جماعت اسلامی میں کامیابی ہوگی۔
رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال جنوری کے مہینے میں بھی بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے، ایک طویل عرصے بعد کارکنان کی جدوجہد کی وجہ سے شہریوں نے جماعت اسلامی کو سب سے زیادہ مینڈیٹ دیا، اور ہماری پارٹی کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن گئی۔
حافط نعیم الرحمان نے کہا کہ میئر کے انتخاب میں پیپلزپارٹی سب کے سامنے بے نقاب ہوگئی، بلدیاتی انتخابات کے عمل سے کراچی سمیت پورے ملک نے بہت کچھ سیکھ لیا ہے، جماعت اسلامی کی موجودگی میں شہر لاوارث نہیں ہے،شہر ایک مرتبہ پھر آگے بڑھے گا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے اپنے مینڈیٹ سے ایک دن کے لیے بھی دستبرداری قبول نہیں کی، ہم قومی و صوبائی اسمبلی میں تاریخی کامیابی حاصل کریں گے اور میئر بھی جماعت اسلامی کا ہی بنے گا، ساڑھے تین کروڑ عوام پر مشتمل شہر کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن موجود نہیں ہے۔
حافط نعیم نے کہا کہ قبضہ میئر نے کراچی کے میڈیکل کالج کی فیسوں میں ڈیڑھ سو فیصد اضافہ کردیا ہے، نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں نہیں ملتی، کراچی کے لوگوں کو پولیس میں بھرتی نہیں کیا جاتا، شہریوں کو ٹرانسپورٹ، تعلیم اور صحت کی سہولیات میسر نہیں ہے، اس شہر کے عوام جب حالات کا جائزہ لیتے ہیں تو ان سب کی امید صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی بنتی ہے۔
رہنما جے آئی نے مزید کہا کہ پھٹے ہوئے غباروں میں چاہے جتنی ہوا بھرنے کی کوشش کرلیں وہ کبھی نہیں بھریں گے، بھتہ خوری کرنے والوں نے کراچی کی نسلوں کو برباد کردیا ہے، کراچی کے لوگ ان کی طرف نہیں دیکھ رہے ہیں، مینجمنٹ کرنے والے اپنی انویسمنٹ ضائع نہ کریں، کراچی کا مستقبل جماعت اسلامی سے وابستہ ہے۔
Comments are closed on this story.