Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی سمیت سندھ بھر میں کلین سوئپ کرنے جارہے ہیں، سابق صوبائی وزیر کا دعویٰ

کراچی میں قومی اسمبلی کی 22 میں سے 15 نشستیں جیتنے کے لیے پراعتماد ہیں، ناصر شاہ
شائع 07 جنوری 2024 09:22pm
سابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ۔ فوٹو:فائل
سابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ۔ فوٹو:فائل

پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ہم پہلی بار کراچی سمیت سندھ میں کلین سوئپ کرنے جارہے ہیں، کراچی میں قومی اسمبلی کی بائیس میں پندرہ نشستوں جیتنے کے لیے پراعتماد ہیں۔

ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما سابق صوبائی وزیرناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے کراچی کی خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ شہر کا میئر، سندھ میں ڈسٹرکٹ کونسلزاور ٹاونزمیں چئیرمین جیالے ہیں۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی مثبت سیاست سے ایم کیو ایم کو نقصان پہنچا، آج تمام عہدے پیپلزپارٹی کے پاس ہیں، اور کراچی میں ہمیں ایم کیو ایم کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کراچی میں بوری بند لاشیں نہیں ملتیں، ہم نے بھتہ کلچر کو ختم کیا، پولنگ اسٹیشنز کو یرغمال بنانے سلسلہ بند کیا، سندھ میں ترقی اورانفراسٹرکچر بہتر ہوا ہے، شہر سے دھونس، دھاندلی، بوری بند لاشوں کی سیاست کو ختم کیا۔

ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم پہلی بارکراچی سمیت سندھ بھر میں کلین سوئپ کرنے جارہے ہیں، کراچی کی 22 نشستوں میں سے 15 پر ہم مکمل پُر اعتماد ہیں۔

Pakistan People's Party (PPP)

Election 2024

Election Jan 7 2024