Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ایک ہی شخص کوبار بار عوام وزیر اعظم قبول نہیں کریں گے، بلاول بھٹو

وزیر اعظم اور پنجاب کا وزیراعلی دونوں جیالے ہوں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی
اپ ڈیٹ 07 جنوری 2024 08:39pm
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو۔ فوٹو:آج نیوز
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو۔ فوٹو:آج نیوز

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ایک ہی شخص کوبار بار عوام وزیر اعظم قبول نہیں کریں گے، وزیر اعظم بھی جیالا ہو گا اور پنجاب کا وزیراعلی بھی جیالا ہو گا، 90 کی تقسیم اور نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔

لاہور کے حلقہ این اے 127 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لاہور کسی کھلاڑی اور بزنس مین کا شہر نہیں، ذوالفقار علی بھٹو شہید کا شہر ہے، اور میں اپنے شہر سے الیکشن لڑرہا ہوں، لاہور سے اپنا رشتہ جوڑنے کے لیے واپس آیا ہوں، آپ نے گھر گھرپارٹی کا پیغام پہنچانا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہم کیوں آئے ہیں، ہم پوچھتے ہیں وہ کیوں آئے تھے، وہ ضیاالحق اور حمید گل کی وجہ سے یہاں پر مسلط ہوئے، تو کبھی فیض کی وجہ سے اس شہر پرمسلط ہوئے، لیکن ہم کہیں اور نہیں دیکھ رہے، ہمیں نہ پٹواریوں کی اور نہ کسی اور کی ضرورت ہے، صرف عوام کا ساتھ چاہتا ہوں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہمارےعوامی منشور میں 10 نکات ہیں، اور میرا وعدہ ہے 10 نکات پورا کر کے غربت، بیروزگاری، مہنگائی کا مقابلہ کریں گے، ہم عوام کی تنخواہیں اور آمدنی کو ڈبل کریں گے، 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کریں گے اور مفت تعلیم دیں گے، سندھ کے شہروں کی طرح ملک بھر میں مفت صحت کاعلاج دیں گے، بی آئی ایس پی پروگرام میں اضافہ کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں اس ملک کی قسمت بدلنی ہے، ایک ہی شخص کوبار بار عوام وزیر اعظم قبول نہیں کریں گے، پاکستان کے عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ ان کا وزیر اعظم کون ہوگا، غریب پسماندہ طبقے کی خدمت کریں گے، جس کے لئے نئی سیاسیت کریں گے، 90 کی تقسیم اور نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔

Bilawal Bhutto

PPP

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan People's Party (PPP)

Election 2024

Election Jan 7 2024