Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ن لیگ نے قرار داد کی مخالفت کی، الیکشن سے کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے، مریم اورنگزیب

ملک 9 مئی نہیں، 28 مئی والوں کے حوالے ہونے جارہا ہے، مریم اورنگزیب
شائع 06 جنوری 2024 11:23am

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں قرارداد کی مخالفت ن لیگ نے کی، الیکشن سے کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

لاہور کی انسداد گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کو کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، نواز شریف کو الیکشن کے دوران بیٹی کے ساتھ جیل بھیجا گیا، جیل میں بیٹھ کر چیخیں مارنے والوں نے نواز شریف کو جیل بھیجا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لاہور ہائیکورٹ گئے تاکہ الیکشن رک جائیں، گزشتہ روز پی ٹی آئی نے سینیٹ میں قرارداد کی حمایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو الیکشن چاہئیں، الیکشن پاکستان کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک 9 مئی نہیں، 28 مئی والوں کے حوالے ہونے جارہا ہے، یہ لوگ اندر چپ رہتے ہیں اور باہر ڈھول پیٹتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگ کا فیصلہ ہے کہ 8 فروری کو الیکشن ہوں گے۔

ترجمان ن لیگ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ 9 مئی والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے، جی ایچ کیو پر حملہ کیا گیا، ریاست پر یہ چڑھ دوڑے، گڈ ٹو سی یو اور وشنگ یو گڈ لک تک ان کو کہا گیا، 9 مئی کو آپ حکم دو کہ پورے ملک کو جلادو، پھر کہو کارکنوں نے کیا تھا، جیل میں بیٹھ کر دھمکیاں دینا اور اداروں کے خلاف باتیں کرتے ہو۔

مریم اورنگزیب نے تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ انہوں نے آرٹیکل لکھا ہے میری پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، کاغذات مسترد ہوئے تو سپریم کورٹ چلے گئے، سپریم کورٹ نے ثبوت مانگے ہیں، یہ تو سپریم کورٹ میں بھی جاکر جھوٹ بولتے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معیشت تم نے تباہ کی، پھر لکھتےہیں مہنگائی ہوگئی ہے، یہ مہنگائی تم نے کی ہے، تیل، سبزیاں، بجلی، گیس سب مہنگے کردیے، ملک کی تم نے ترقی تک روک دی۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، تم تو ملک کو ڈیفالٹ کرکے گئے تھے۔

Marriyum Aurangzeb