Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سرما کی مزید تعطیلات؟ محکمہ موسمیات کی غیر معمولی سخت سردی کے دعوؤں پر وضاحت

محکمہ موسمیات کی سوشل میڈیا پر بے بنیاد خبروں کی تردید
اپ ڈیٹ 05 جنوری 2024 11:41pm
فوٹو ــ فائل / اے ایف پی
فوٹو ــ فائل / اے ایف پی

ملک میں جنوری کا موسم انتہائی سرد ہوتا ہے لیکن سوشل میڈیا پر ریکارڈ سرد راتوں کی خبریں گردش کررہی ہیں اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے بے بنیاد خبروں کی تردید کی ہے۔ میٹ ڈیپارٹمنٹ کی وضاحت کے بعد لگتا ہے سرما کی تعطیلات بڑھانے کی قیاس آرائیاں بھی دم توڑ گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر 12 جنوری سے 15 جنوری تک موسم سے متعلق گردش کرنے والی (غلط اور بے بنیاد) خبروں کے رد عمل میں وضاحت جاری کردی۔

آفیشل ویب سائٹ پر پریس ریلیز شیئر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے لکھا کہ سوشل میڈیا پر 12 سے 15 جنوری کے دوران موسم کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ محکمہ موسمیات سوشل میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں کی تردید کرتا ہے۔

مزید کہا گیا کہ معمول کے مطابق جنوری سرد ترین مہینہ ہوتا ہے، تاہم محکمہ موسمیات موسم کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ 12 جنوری سے 15 جنوری تک موسم سے متعلق گردش کرنے والی (غلط اور بے بنیاد) خبروں کے بعد ایک اور افواہ پھیل گئی کہ پنجاب کے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں مزید توسیع کی جائے گی۔

یاد رہے کہ غیرمعمولی سردی کی افواہ ایسے وقت گردش کررہی ہے جب سندھ میں تعلیمی ادارے موسم سرما کی تعطیلات کے بعد کھل چکے ہیں جبکہ پنجاب میں تعلیمی ادارے پانچ دن بعد کھلیں گے۔ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج ایک بیان میں کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں 10جنوری تک چھٹیاں رہیں گی۔ محکمہ موسمیات کی وضاحت کے بعد لگتا ہے سرما کی تعطیلات بڑھانے کی قیاس آرائیاں بھی دم توڑ گئی ہیں۔

خیال رہے کہ اس وقت ملک کے شمالی علاقہ جات اور بلوچستان کے کچھ مقامات پر شدید سردی ہے۔

ملک میں سردی کے حوالے سے آج نیوز نے محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفراز سے رابطہ کیا اور ان سے محکمہ موسمیات کی جانب سے وضاحت جاری کرنے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ’بے بنیاد خبریں‘ آج نیوز کے ساتھ شیئر کیں۔ اس پیغام کا عنوان ”بریکنگ نیوز“ تھا۔

کسی ذرائع کا حوالہ دیے بغیر وائرل پیغام میں کہا گیا کہ 12 جنوری سے 15 جنوری تک کے دن اور رات ’پاکستان کی 100 سالہ تاریخ‘ میں سرد ترین ہوسکتے ہیں۔

غیر مصدقہ پیغام کے مطابق گجرات، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، خانیوال، بہاولپور، قصور، وہاڑی، اوکاڑہ، ساہیوال، حافظ آباد، چکوال، جہلم، میانوالی، بھکر، لیہ، چنیوٹ، سرگودھا، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں برفباری کا امکان ہے۔

غیر مصدقہ خبروں میں دعویٰ کیا گیا کہ بالخصوص پنجاب میں سردیوں کے موسم کی شدید لہر ہوگی، جبکہ سوشل میڈیا پر زیر گردش بے بنیاد خبر کا اختتام غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلنے اور شمالی علاقوں کا سفر نہ کرنے کی وارننگ کے ساتھ ہوا۔ اس میں لوگوں پر زور دیا گیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں اور قہوہ کے استعمال میں اضافہ کریں۔

سوشل میڈیا پر پھیلی غیر مصدقہ اور بے بنیاد خبروں کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس طرح کی ’بے بنیاد خبروں‘ کو نظر انداز کریں۔

پی ایم ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک نے آج نیوز کو بتایا کہ اس طرح کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور دھند کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اگلے کچھ دنوں میں، دھند کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

Met Office

Cold Wave