Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سنی علما کونسل کے علامہ مسعود الرحمان عثمانی قاتلانہ حملے میں جاں بحق، پوسٹمارٹم مکمل

سنی علماء کونسل کا مسعود الرحمان کی نماز جنازہ کل پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ادا کرنے کا اعلان
شائع 05 جنوری 2024 10:32pm
فوٹو:فائل/ ایکس
فوٹو:فائل/ ایکس

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سنی علما کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ مسعود الرحمان عثمانی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا،

پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے غوری ٹاؤن میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مولانا مسعود الرحمان عثمانی زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان گاڑی پر فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

تھانہ کھنہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقع کی تحقیقات شروع کردی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

لاش اور زخمی شخص کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں کارکنان کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جس کے بعد کارکنان کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

مسعود الرحمان عثمانی کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی

قائم مقام صدر سنی علماء کونسل راولپنڈی ڈویژن مفتی تنویر عالم فاروقی کی طرف سے جاری اعلان میں تمام عہدیداران و کارکنان کو کل دن ایک بجے تک جامع مسجد رحمانی آبپارہ اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں سے شہید قائد کی میت کو بعد نماز ظہر جامع مسجد رحمانی آبپارہ اسلام آباد سے جلوس کی شکل میں پارلیمنٹ لے جایا جائے گا۔

علامہ مسعود الرحمان عثمانی کی نماز جنازہ کل دن 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ادا کی جائے گی۔

علامہ مسعود الرحمان عثمانی کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل

دوسری جانب علامہ مسعود الرحمان عثمانی کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا، جس کے بعد لاش پولیس کے حوالے کر دی گئی۔

اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ پوسٹ مارٹم کرتے ہوئے نمونے لے لیے گئے ہیں، رپورٹ متعلقہ حکام کے حوالے کر دی جائے گی۔

اسلام آباد

Maulana Masoodur Rahman

Sunni Ulama Council