Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
03 Jumada Al-Awwal 1446  

آئی ایم ایف کی شرط پر ایف بی آر کی تنظیم نو کی منظوری کو حتمی شکل دے دی گئی

منظوری کے بعد 8 ممبران پر مشتمل بورڈ ایف بی آر کے معاملات دیکھے گا
شائع 05 جنوری 2024 02:29pm

آئی ایم ایف کی شرائط و تجاویز پر عملدرآمد کرتے ہوئے خصوصی سرمایہ کاری کونسل نے ایف بی آر کی تنظیم نو کی منظوری کو حتمی شکل دے دی۔ منظوری کے بعد 8 ممبران پر مشتمل بورڈ ایف بی آر کے معاملات دیکھے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط و تجاویز پرعملدرآمد کرتے ہوئے ایف بی آر کی تنظیم نو کی منظوری کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ تنظیم نو کی منظوری خصوصی سرمایہ کاری کونسل نے دی، اور حتمی منظوری کابینہ کےآئندہ اجلاس میں لئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق منظوری کے بعد 8 ممبران پر مشتمل بورڈ ایف بی آر کے معاملات دیکھے گا، بورڈ میں وزارت خزانہ، خارجہ، تجارت اور صنعت و پیداوار کے سیکرٹری شامل ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ بورڈ کے مستقل ممبران میں خارجہ امور کے سیکرٹری اور پلاننگ کمیشن بھی شامل ہوں گے، آئی کیپ صدر، دو یونیورسٹیوں سے دو ماہر معیشت بھی بورڈ کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری ریونیو ایف بی آر بورڈ کے چیئرمین ہوں گے، سیکرٹری ریونیو کا تعلق انکم ٹیکس اور کسٹمز سروس سے نہیں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کا پالیسی ونگ ختم کرکے وزارت خزانہ میں قائم ہوگا، اور ادارے کے ملازمین کی تعداد میں مجموعی طور پر 30 فیصد کمی ہوگی۔

FBR

IMF

IMF PAKISTAN

FEDERAL BOARD OF REVENUE (FBR)