Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

”دیر لگی آنے میں تم کو ۔۔۔“ کراچی میں بھی ٹھنڈی ہوائوں کا ڈیرا

جمعہ کی صبح گھر سے نکلنے والوں کا یک بستہ ہوائوں نے خیر مقدم کیا، شہریوں کو خوش گوار حیرت، خصوصی پکوانوں کی تیاری
شائع 05 جنوری 2024 10:44am

جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سے کراچی میں بھی سرد ہوائوں نے ڈیرے ڈال لیے۔ جمعہ کی صبح شہرِ قائد میں بچے اسکول اور بڑے کام پر جانے کے لیے گھروں سے نکلے تو یخ بستہ ہوائوں نے ان کا خیرمقدم کیا۔

کراچی میں بالعموم دسمبر کے وسط سے سردی پڑتی ہے اور یہ سلسلہ جنوری کے اواخر تک جاری رہتا ہے۔ اب کے سردی کی آمد قدرے تاخیر سے ہوئی ہے۔

شہرِ قائد کے باشندے حیران تھے کہ دسمبر بھی گزر گیا مگر سردی نے تو قدم رنجہ فرمانے کی زحمت ہی گوارا نہیں کی۔ بیشتر گھروں میں رات کو پنکھے چلانا پڑ رہے تھے۔

چار دن سے موسم قدرے گرم یا کم سرد تھا۔ کراچی کے کُھلے نواحی علاقوں میں تھوڑی بہت سردی پڑتی ہے تاہم شہر کے اندرونی علاقوں میں بلند و بالا عمارتوں کے باعث ہوائیں سرد نہیں رہ پاتیں۔

سرد ہوائوں کا کراچی شہریوں نے خوش گوار حیرت سے خیر مقدم کیا ہے۔ ملک کے باقی حصوں کی طرح کراچی میں بھی لوگ موسم کی مناسبت سے کھانے پینے کا خصوصی اہتمام کرنے کے شوقین ہیں۔ سردیوں کے پکوان اور مشروبات شہر بھر میں ایک ڈیڑھ ماہ سے فروخت ہو رہے ہیں۔ جمعہ کو اس حوالے سے خریداری بڑھ گئی۔ موسم کی مناسبت سے پکوان تیار کیے جارہے ہیں۔

کراچی کے تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کے دوران زیادہ سردی نہیں پڑی۔ اب بچوں کو اسکول جانے میں تھوڑی سی مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

والدین موسمی بیماریوں کے حوالے سے بھی پریشان ہیں۔ بچوں کو نزلہ زکام اور دیگر موسمی امراض سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔ کلینکس اور میڈیکل اسٹور پر رش بڑھ گیا ہے۔ دوائوں اور احتیاطی تدبیر کے طور پر استعمال کیے جانے والے دیسی نسخوں کی فروخت بڑھ گئی ہے۔

Winter

karachi

Cold Wave

SEASONAL ILLNESSES

TRADITIONAL CUISINES