Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکہ پاکستان میں ’جبر‘ کی حمایت کرتا رہے گا، ترجمان کے منہ سے غلط الفاظ نکل گئے

میتھو ملر پریس کانفرنس میں وضاحت دینے پر مجبور، منہ سے سچ نکل گیا، سوشل میڈیا صارفین
اپ ڈیٹ 05 جنوری 2024 09:48am
میتھیو ملر اپنی غلطی پر ردعمل دیتے ہوئے
میتھیو ملر اپنی غلطی پر ردعمل دیتے ہوئے

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھو ملر نے اپنی پریس بریفنگ کے دوران غلطی سے کہہ دیا کہ امریکہ پاکستان میں ظلم اور جبر کی حمایت کرتا رہے گا۔ میتھو ملر نے نشاندہی پر فورا ہی اپنے جملے کی وضاحت کردی تاہم ان کے الفاظ اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور کئی لوگ کہہ رہے ہیں کہ امریکی ترجمان نے غلطی سے سچ بول دیا۔

میتھو ملر محکمہ خارجہ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ جہاں انہوں نے پاکستان میں انتخابات پر اپنی پوزیشن واضح کی۔ ان سے بعض سوالات پی ٹی آئی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بارے میں بھی کیے گئے۔

ایک صحافی نے کہاکہ پاکستان میں جس طرح انتخابی دھاندلی ہو رہی ہے اس پر امریکہ کو کچھ سخت ردعمل ظاہر کرنا چاہیے، جواب میں میتھو ملر نے کہا، ’ہم پاکستان کی ایک متحرک جمہوریت میں جمہوری جبر (supression) کی حمایت کرتے رہیں گے۔‘

ایک اور صحافی نے ترجمان کی توجہ دلائی کہ انہوں نے جمہوری جبر کا لفظ استعمال کیا ہے جس پر ملر نے کہا، ’میں نے کہا جمہوری آزادی (expression) ۔۔۔‘

ملر نے دو تین بار یہ لفظ دہرایا اور کہاکہ آپ غیر ضروری پر میری اصلاح کر رہے ہیں میں اس جھانسے میں نہیں آوں گا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ امریکی ترجمان کی زبان سے سچ پھسل گیا ہے۔

کئی لوگوں نے فرائیڈین سلپ کا حوالہ بھی دیا جس کے مطابق بعض اوقات انسان غلطی سے وہ کہہ جاتا ہے جو اس کے ذہن میں کہیں ہوتا ہے۔

US State Department

Matthew Miller

Election 2024