Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستانی سفرا کی کانفرنس شروع، اقتصادی سفارت کاری پر زور

اقتصادی سفارت کاری کو مرکزی دھارے میں لانا ہماری ترجیح ہے، انوارالحق
اپ ڈیٹ 04 جنوری 2024 11:27pm

دفترخارجہ میں جاری سفرا کانفرنس میں بات کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ہر قیمت پر ملکی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، ہ اقتصادی سفارت کاری کو مرکزی دھارے میں لانا ہماری ترجیح ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے سفیروں کی تین روزہ کانفرنس آج سے شروع ہوگئی ہے، جس کے پہلے سیشن میں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی اور وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بھی اہم خطاب کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ دفتر خارجہ آئے تو نگراں وزیر خارجہ نے ان کا کانفرنس میں خیر مقدم کیا، اور اہم دارالحکومتوں میں تعینات پاکستانی سفیراء سے ان وزیراعظم کا تعارف کرایا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے عالمی تناظر میں حکومتی مؤقف سفرا کے سامنے رکھا اور کہا کہ ہر قیمت پر ملکی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برآمدات اورسرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔

سفراء کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر حالیہ اہم تبدیلیوں کے تناظر میں اس کانفرنس کا انعقاد انتہائی اہم اور بر وقت ہے، جس سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی تجاویز ملیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ خارجہ پالیسی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا خوش آئند ہے، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا امیج ایک مثبت ترقی پسند ملک کے طور پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مقصد پوری دنیا میں امن اور باہمی فائدہ مند تعلقات ہے

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ اقتصادی سفارت کاری کو مرکزی دھارے میں لانا ہماری ترجیح ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اغراض و مقاصد کی حمایت جاری رکھے گا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے مظلوم فلسطین فلسطینی بہن بھائیوں کی جدوجہد کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھے گا، اورجموں و کشمیر تنازعہ کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کا حامی ہے، پاکستانی سفارت کار ملک کا مؤقف بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق دفترخارجہ میں مختلف ممالک میں موجود پاکستانی سفرا کی کانفرنس جاری ہے، جس میں مختلف ممالک میں تعینات تقریباً 20 پاکستانی سفرا شریک ہیں۔

کانفرنس میں امریکا، برطانیہ، روس، چین، فرانس، سعودی عرب، امارات، یورپین یونین اور ازبکستان سے پاکستانی سفرا موجود ہیں، کانفرنس میں پاکستانی خارجہ پالیسی کودرپیش چیلنجز پر مشاورت جاری ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے اعلامیے کے مطابق سفرا کی کانفرنس اگلے2 دن بھی جاری رہے گی، اور اس میں خارجہ پالیسی کے دو طرفہ سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی، اور خارجہ پالیسی سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔

foreign office

anwar ul haq kakar