ٹی 20 ورلڈ کپ کا شیڈول تیار، پاک بھارت مقابلے کی تاریخ سامنے آگئی
رواں سال ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کی تاریخ سامنے آگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی ایونٹ کی طرح اس بار بھی پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ 4 سے 20 جون تک امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا، جس میں کُل 20 ٹیمیں شریک ہوں گی جبکہ پہلے راؤنڈ میں 5،5 ٹیمیں 4 گروپس میں مقابلہ کریں گی۔
پاکستان اور بھارت کے ساتھ گروپ میں آئرلینڈ ، کینیڈا اور میزبان امریکا بھی شامل ہیں اس لیے پہلے راؤنڈ میں اس گروپ کے زیادہ تر میچز امریکا میں ہوں گے ۔
قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو امریکا جبکہ 9 جون روایتی حریف بھارت کے خلاف نیویارک میں مدمقابل آئے گی، 11 جون کو پاکستان اور کینیڈا کا میچ نیویارک میں ہی ہوگا اور 16 جون کو پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ فلوریڈا میں شیڈولڈ ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کی ٹائمنگ اور برصغیر کے ٹائم زون کے فرق کی بنیاد پر یہ میچ ایک روز قبل کرانے کا آپشن بھی موجود ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین کرکٹ لطف اندوز ہوسکیں۔
پہلے راؤنڈ کے میں شریک ہر 4 گروپس میں سے 2 ٹاپ ٹیمیں سپر 8 راؤنڈ میں کوالیفائی کریں گی جہاں انہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے فیڈ بیک اور منظوری کے لیے یہ شیڈول بورڈز اور براڈ کاسٹرز کو بھیج دیا ہے اور جلد حتمی شیڈول جاری کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نیویارک پاکستان کے وقت کے مطابق 10 گھنٹہ پیچھے ہے اور وہاں دوپہر میں شروع ہونے والا میچ یہاں رات گئے شروع ہوگا جبکہ 9 جون کو اتوار ہے اور اس امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا کہ یہ میچ 8 جون کو رکھ دیا جائے تاکہ اس کی فالوونگ متاثر نہ ہو۔
مزید پڑھیں
ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا، متوقع تاریخ سامنے آگئی
Comments are closed on this story.