Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

”اختیار سب کے لئے“ ایم کیو ایم نے عام انتخابات کے لئے منشور کا اعلان کردیا

ہمارے پاس آئینی نسخہ تیار ہے جس میں تمام مسائل کا حل ہے، خالد مقبول
شائع 04 جنوری 2024 04:30pm
فوٹو:آج نیوز اسکرین گریپ
فوٹو:آج نیوز اسکرین گریپ

ایم کیو ایم پاکستان نے عام انتخابات کے لئے منشور کا اعلان کردیا ہے، اور کہا ہے کہ ہمارے پاس آئینی نسخہ تیار ہے جس میں تمام مسائل کا حل ہے۔

رابطہ کمیٹی کے ہمراہ عام انتخاباب کے لیے پارٹی کے منشور کا اعلان کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے کنوینرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ عوام کو جمہوریت کے ثمرات پہنچانے کا نسخہ لے کر آئے ہیں، آج پاکستان ایک کثیرالجہتی بحران کا شکار ہے، غیر معمولی صورتحال غیرمعمولی اقدامات کی متقاضی ہے۔

خالد مقبول کا کہنا تھا کہ عام انتخابات انتہائی کشیدہ اور بداعتمادی کی صورتحال میں ہورہےہیں، لیکن ہمارے پاس آئینی نسخہ تیار ہے جس میں تمام مسائل کا حل ہے، منشور کو بنانے کیلئے کئی ہفتوں تک محنت کی، منشور میں مسائل کی نشاندہی اور ان کا حل ہے۔

خالد مقبول کا کہنا تھا کہ بلدیاتی حکومت کو وفاقی اور صوبائی حکومت کی طرح آئینی تحفظ ملے، بلدیاتی حکومت کو اختیار کیلئے صوبائی،وفاقی حکومت سے نہ کہنا پڑے، اور جب تک بلدیاتی الیکشن نہ ہوں تب تک عام انتخابات بھی نہ ہوں۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ جب آمریت آتی ہےتو کسی نہ کسی شکل میں بنیادی جمہوریت آتی ہے، ملک اس وقت مضبوط ہوگاجب عام پاکستانی مضبوط ہوگا، 50 سال میں آئین نےعوام کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا، اس آئین میں کچھ بنیادی ترامیم کی ضرورت ہے، ہم نےآئین میں 3 آئینی ترامیم تجویز کی ہیں۔

رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال

ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اپنے منشور کے تحت اختیارات وزیراعلیٰ ہاؤس سے نکال کرعوام کی دہلیز پر دینا چاہتے ہیں، 44 فیصد وفاق اور 56 فیصد فنڈز صوبوں کو مل رہے ہیں، اور صوبوں کو ملنے والے فنڈز کہاں جا رہے ہیں، صوبائی حکومتوں نے لوگوں کو کچھ نہیں دیا۔

مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے منشور میں آئینی ترامیم بھی شامل کی ہیں، سندھ کے وزیر اعلیٰ کو ہزاروں ارب روپے وفاق سے ملے، لیکن کوئی اس رقم کا حساب دینے کو تیار نہیں۔

مصطفی کمال نے ”اختیار سب کیلئے“ کے نام سے ایم کیوایم پاکستان کا منشور پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارامنشور ووٹ دینے والے اور نہ دینے والوں کیلئے بھی ہے۔

MQM Pakistan

Election 2024

Election Jan 4 2024