Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی کی بلے کا نشان واپس لینے کی درخواست پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے نمبر لگادیا

اللہ کرے بلے کا نشان ملے، ہمیں امید ہے، بیرسٹر گوہر
اپ ڈیٹ 04 جنوری 2024 03:46pm
PTI challenged the decision of PHC in the Supreme Court | Breaking News - Aaj News

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بلے کے انتخابی نشان کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا، اور رجسٹرار نے درخواست پر نمبر بھی لگادیا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ میں بلے کا نشان واپس لینے کی درخواست دائر کی گئی تھی، سپریم کورٹ رجسٹرارآفس نے درخواست کو C.P7/2024 نمبر لگادیا ہے۔

پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں سپریم کورٹ سے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

بیرسٹر گوہر کا بیان

درخواست دائر کرنے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پشاورہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا آرڈر معطل کر دیا تھا، اور حکم دیا تھا کہ ہمارا انتخابی نشان ہمیں واپس کیاجائے، لیکن الیکشن کمیشن نے نظرثانی درخواست دی، اور استدعا کی عبوری ریلیف واپس لیا جائے۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں تقریباً 4 گھنٹے کی سماعت ہوئی تھی، 2 تاریخ کو بیان عدالت میں جمع کرایا گیا، دعالت نےب یان کے بعد استدعا کو منظورکر لیا تھا، عدالت نے مناسب سمجھا الیکشن کمیشن کے آرڈرکو ری کال کیا، سپریم کورٹ آئے ہیں تاکہ مناسب آرڈر پاس ہو سکے، بلے کا نشان کسی کو الاٹ ہوچکا ہے تو کسی اور کو نہیں دیاجاسکتا۔

پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ریزروسیٹ پر نامزدگی کی اسکروٹنی ابھی تک نہیں کی، سیاسی جماعت کے پاس انتخابی نشان نہ ہونا پارٹی کے ساتھ زیادتی ہے۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ آج سپریم کورٹ میں پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پٹیشن فائل کردی جسے نمبرالاٹ ہوچکا ہے، عدالت سے استدعا کی ہے کہ اگر آج سماعت ممکن نہیں تو کل کرلی جائے، امید ہے عدالت ہماری پٹیشن کی شنوائی کرے گی۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جب تک مضبوط ریاست نہ ملے، آزاد حیثیت میں الیکشن جیتنے والوں کی جیت ملے گی اور ہارسسٹم کی ہوگی، سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دیں سب کو نشان الاٹ کریں، پورے ملک میں سیاسی عدم استحکام کا سامناہے، جو بھی مضبوط حکومت آئے سب اس کے ساتھ تعاون کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس پر اپنا حکم امتناع واپس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 22 دسمبر کا فیصلہ بحال کردیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس چھن گیا تھا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا تھا۔

آج لاہور ہائیکورٹ نے بھی گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی سے انتخابی نشان بلا واپس لینے کے خلاف درخواست خارج کر دی۔

قبل ازیں، چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند اہم درخواستوں پر دستخط کرنے آیا ہوں، بلے کے انتخابی نشان کیلئے آج درخواست جمع کروا رہے ہیں، عدالت سے درخواست کریں گے ہمیں سنا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے درخواست میں لکھا تھا یہ اہم معاملہ ہے، ہماری بھی یہی استدعا ہے، اسکروٹنی کا وقت ختم ہورہا ہے ٹکٹ تقسیم کرنے ہیں، کوشش ہے جلد سے جلد یہ کیس لگے، اور اللہ کرے بلے کا نشان ملے، ہمیں امید ہے۔

Peshawar High Court

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Election 2024

PTI bat symbol

Election Jan 4 2024