Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آن لائن فراڈ سے کوئی محفوظ نہیں، بھارتی آئی ٹی ایکسپرٹ 20 لاکھ روپے گنوا بیٹھا

کرشنن کٹی کو نامعلوم نمبر سے پیغام ملا تھا، آن لائن ٹاسک کی پے منٹ دے کر جال میں پھنسایا گیا
شائع 04 جنوری 2024 02:10pm

آن لائن فراڈ کا دائرہ اس قدر وسیع ہوچکا ہے کہ اب کوئی بھی اس سے محفوظ نظر نہیں آتا۔ بھارتی ریاست مہا راشٹر کے شہر پونا کا ایک آئی ٹی ایکسپرٹ بھی سائبر کرائم گینگ کے بہلاوے میں آکر 20 لاکھ روپے سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

40 سالہ اویناش کرشنن کٹی کے بے وقوف بننے کا سفر مارچ 2023 میں شروع ہوا جب اُسے ایک نامعلوم نمبر سے پیغام ملاکہ آئی ٹی ایکسپرٹ ہونے کے ناطے وہ چھوٹے موٹے آن لائن کام کرکے گھر بیٹھے اپنی آمدن میں اچھا خاصا اضافہ کرسکتا ہے۔

اویناش نے چھوٹے موٹے آن لائن ٹاسک مکمل کرکے، ہدایات کے مطابق، سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے تو اُسے پے منٹس کی گئیں۔ اس سے اویناش کا اُن لوگوں پر بھروسا بڑھا جو اُس سے یہ کام لے رہے تھے۔

آن لائن فراڈ کرنے والے اس گینگ نے کئی ماہ تک کچھ نہ کچھ دے کر اویناش کو اعتماد میں لیا اور پھر اُس سے کہا کہ اگر وہ زیادہ کمانا چاہتا ہے تو سرمایہ کاری کرنا پڑے گی۔ اسے بتایا گیا کہ جتنا زیادہ سرمایہ وہ لگائے گا اُتنا ہی زیادہ ریٹرن اُسے ملے گا۔

اویناش اس فراڈ گینگ کی چکنی چپڑی باتوں میں آگیا اور پیسہ لگانا شروع کیا۔ کچھ دن تک اِس کا ریٹرن اُسے دیا گیا۔ پھر جب اُس نے لالچ کے ہاتھوں مجبور ہوکر ”لائف ٹائم“ قسم کی ”سرمایہ کاری“ کی تو فراڈ گینگ سب کچھ سمیٹ کر چمپت ہوگیا۔ دسمبر 2023 کے آخر تک اویناش 20 لاکھ روپے سے زیادہ کی ”سرمایہ کاری“ کرچکا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اویناش آئی ٹی ایکسپرٹ ہونے کے لوگوں کو آن لائن فراڈ اور سوشل میڈیا کے ذریعے کیے جانے والے گھوٹالوں سے خبردار کیا کرتا تھا اور فراڈ سے بچنے کے طریقے بھی بتاتا رہتا تھا۔

india

pune

ONLINE SCAMS

IT EXPERT

SOCIAL MEDIA POSTS

MIND BOGGLING RETUNRS