Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نو امریکی ریاستوں میں بم کی اطلاعات، سرکاری عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا

ایف بی آئی فوراً ایکشن میں آگئی
شائع 04 جنوری 2024 10:21am

امریکا میں نو ریاستوں کی کیپیٹل بلڈنگز کو بم کی اطلاعات پر خالی کرالیا گیا۔

حکام کے مطابق امریکی ریاستوں کنیکٹیکٹ، جارجیا، ہوائی، آئیڈاہو، کینٹکی، مین، مشی گن، مسیسیپی اور مونٹانا کے سیکرٹریوں اور قانون ساز حکام کے دفاتر کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔

فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے ریاستی، مقامی اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ معلومات اکٹھا کرنے، شیئر کرنے اور اس پر عمل کے لیے کام کر رہے ہیں۔

ایجنسی نے کہا کہ وہ ریاستی دارالحکومت کی عمارتوں میں بم کی موجودگی کی متعدد جعلی دھمکیوں سے آگاہ تھی، لیکن اس کے پاس ’کسی مخصوص اور قابل اعتماد خطرے کی نشاندہی کرنے کے لیے کوئی اطلاع نہیں تھی‘۔

ایجنسی نے کہا، ’ایف بی آئی جعلی دھمکیوں کو بھی بہت سنجیدگی سے لیتی ہے کیونکہ اس سے معصوم لوگوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔‘

کنیکٹیکٹ سٹیٹ کیپیٹل پولیس کے سکاٹ ڈریسکول نے عملے اور قانون سازوں کو بتایا، ’آج صبح، کنیکٹیکٹ سٹیٹ کیپیٹل پولیس کو متعدد ملازمین کی جانب سے ایک مشکوک ای میل کے بارے میں شکایات موصول ہوئیں۔ بظاہر متعدد ریاستوں کو بھیجی گئی ای میل میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کیپیٹل بلڈنگ میں دھماکہ خیز مواد رکھا گیا ہے‘۔

کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے ایکس پر جاری ایک بیان میں لکھا کینٹکی اسٹیٹ پولیس نے سب کو ریاستی کیپیٹل خالی کرنے کے لیے کہا ہے اور سیکرٹری آف اسٹیٹ کے دفتر کو موصول ہونے والی دھمکی کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ہم ملک بھر میں دیگر دفاتر کو دی جانے والی اسی طرح کی دھمکیوں سے آگاہ ہیں’۔

مشی گن کی ریاستی پولیس کی ترجمان لوری ڈوگوویٹو نے کہا، ’لانسنگ میں مشی گن اسٹیٹ کیپیٹل کی عمارت سے متعلق دی گئی دھمکی کے جواب میں، ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ مشی گن اسٹیٹ کیپیٹل کمیشن کے جنرل اکاؤنٹ پر آج، بدھ، صبح 7:45 بجے ایک دھمکی آمیز ای میل کی گئی تھی‘۔

ڈوگوویٹو نے کہا کہ ’ہم ملک بھر کے سرکاری اداروں کو بھیجے گئے اسی طرح کے خطرات سے آگاہ ہیں۔ عمارت باقی دن کے لیے بند رہے گی کیونکہ صورتحال زیر تفتیش ہے‘۔

کینٹکی کی ریاستی پولیس نے احتیاطاً کیپیٹل بلڈنگ کو خالی کرالیا ہے۔

ہوائی ریاست کے ایک نمائندے ڈائمنڈ گارسیا نے مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہوائی کے علاوہ زیادہ تر ریاستوں کو دھمکی موصول ہونے کے بعد کلئیر قرار دے دیا گیا ہے۔

گارسیا نے کہا کہ حکام اب بھی یہاں کام کر رہے ہیں۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ یہاں کام کرنے والوں کو کوئی حقیقی خطرہ نہیں۔

مقامی حکام نے بتایا کہ کسی بھی قسم کا دھماکہ خیز مواد برآمد نہ ہونے کے باعث دیگر ریاستوں کنیکٹی کٹ، جارجیا، ایڈاہو، مسیسیپی اور مونٹانا نے اپنے دارالحکومت دوبارہ کھول دیے ہیں۔

US

Bomb Threats

Capital Building Evacuated