Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

روس یوکرائن جنگ میں بھارتی ساختہ اسلحے کا استعمال، امریکا کے ساتھ بھارت کے تعلقات خراب

مودی سرکار نے سازش بے نقاب ہونے پر تعلقات خراب ہونے کا اعتراف
شائع 04 جنوری 2024 09:02am
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

روس اور یوکرائن جنگ میں بھارتی ساختہ اسلحے کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ سکھ رہنماؤں کے قتل کے باعث بھارت اور امریکا کے درمیان تعلقات میں دراڑ آگئی ہے۔

مودی سرکار کی عالمی سطح پر دوغلی پالیسیاں کھل کر سامنے آگئی ہیں، بھارت کی بیک وقت روس اور یوکرائن سے تعلقات استوار کرنے کی بھونڈی کوشش بےنقاب ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں یوکرائنی فوج کے ہاتھوں میں بھارتی ساختہ اسلحے کی موجودگی نے تہلکہ مچادیا۔

ثبوت منظرعام پر آنے کے بعد بھارت کی روس یوکرائن جنگ میں غیر جانبداری کا مؤقف جھوٹا پڑ گیا۔

ذرائع کے مطابق یوکرائن سے ملنے والے مخصوص اسلحے کی تیاری ہندوستان میں ہوتی ہے، یوکرائن ہندوستان سے ملنے والا ساختہ اسلحہ آرمینیہ کو بھی فروخت کر چکا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یوکرائن جنگ میں بھارتی گولہ بارود کی فراہمی سفارتی کشیدگی کا سبب بنے گی، یوکرائن کو اسلحے کی فراہمی سے ہندوستان کے روس کے ساتھ تعلقات خراب ہوں گے۔

دوسری جانب عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کا کہنا ہے کہ سکھ رہنماؤں کے قتل کی سازش بے نقاب ہونے پر بھارت اور امریکا کے درمیان تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

گزشتہ سال جون میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کو بھارت نے کینیڈا کی سر زمین پر قتل کروایا تھا، جبکہ سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی بھارتی سازش کو امریکا نے بے نقاب کیا تھا۔

امریکی خبر رساں ادارے ”فنانشل ٹائمز“ کے مطابق مودی سرکار نے سازش بے نقاب ہونے پر تعلقات خراب ہونے کا اعتراف کر لیا۔

کشیدہ حالات کے باعث امریکی صدر جو بائیڈن نے ہندوستان کے یوم جمہوریہ کا دعوت نامہ بھی ٹھکرا دیا۔

بائیڈن کے نئی دہلی آنے سے انکار پر مودی سرکار نے کواڈ گروپ کا اجلاس ملتوی کردیا۔

امریکی ادارہ برائے مذہبی آزادی نے بھارت کو تشویش ناک ملک میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دفاعی معاہدوں پر پیش رفت سست پڑ گئی ہے۔

Russia Ukraine War

SIKH LEADER

Ukraine using Indian made weapons

Biden Reject Indian invitation