Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

آرمی چیف کی معاشی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات کی ایک بار پھر حمایت کی یقین دہانی

اجلاس میں آرمی چیف نے خصوصی شرکت کی
اپ ڈیٹ 03 جنوری 2024 11:11pm
فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی نے اسمگلروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کی ایک بار پھر حمایت کی یقین دہانی کرادی۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا آٹھواں اجلاس ہوا، جس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ نگراں وفاقی کابینہ، وزرائےاعلیٰ اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

مختلف وفاقی وزارتوں نے اجلاس کے شرکاء کو اہم شعبوں میں منصوبوں پر پیش رفت اور سرمایہ کاری منصوبوں کی بروقت تکمیل سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے اقدامات پر شرکاء کو بریفنگ دی گئی، وزارت توانائی اور وزارت آئی ٹی نے سرمایہ کاری سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دی۔

ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی نے مختلف شعبوں میں ہونے والی مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کمیٹی نے سعودی عرب اور قطر کے ساتھ دوطرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات اور کویت کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں اور فریم ورک معاہدوں پر دستخط سمیت دوست ممالک کے ساتھ معاشی روابط میں اضافہ کو سراہا۔

فورم نے مذکورہ مفاہمتی یادداشتوں کو تیز رفتاری سے معاشی حقیقت میں تبدیل کرنے کی ہدایات دیں۔

ایپکس کمیٹی نے ملک میں نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور مختلف اہم اہداف کی بروقت تکمیل میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کو سراہا اور رفتار برقرار رکھنے کے لیے ہدایات دیں۔

کمیٹی نے سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور ڈومیسٹک ڈسپیوٹ ریزولوشن کا طریقہ کار مضبوط بنانے سمیت سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف پالیسی سازی کی منظوری دی۔

اپیکس کمیٹی نے سرمایہ کاروں کو خاص طور پر ملک کے دور دراز علاقوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے انفراسٹرکچر کی تعمیر تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

کمیٹی نے معیشت کے اہم شعبوں میں ابھرتی ہوئی ضروریات پوری کرنے، انسانی وسائل کی ترقی کے لیے جاری شمولیتی نکتہ نظر کو سراہا۔

ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی نے اسمگلروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے پختہ عزم کا بھی اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملک کی معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی۔

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ ایس آئی ایف سی کے مختلف اقدامات کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھائیں تاکہ مقررہ مدت کے اندر ان کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

pakistan economy

economic crisis

economic recovery

Army Chief General Asim Munir

apex committee

Apex Committee Meeting

anwar ul haq kakar

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar

Caretaker Prime Minister Anwaar ul Haq Kakar

army cheif

PM KAKAR

PM ANWAR UL HAQ KAKAR

Special Investment Facilitation Council (SIFC)