Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نئے سال کے پہلے مہینوں میں پیٹرولیم قیمتیں بڑھیں گی یا کم ہونگی، ماہرین کی پیشگوئی

مشرق وسطیٰ میں صرف جغرافیائی سیاسی کشیدگی ہی تیل کی قیمتوں کو بڑھا سکتی ہے، ماہرین
شائع 02 جنوری 2024 11:50am
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ کم طلب اور تیل کی زیادہ پیداوار کے باعث 2024 کے اوائل میں خام تیل کی قیمتوں پر اثر انداز ہونے کی توقع ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا میں سب سے بڑے توانائی استعمال کرنے والے ملک چین کی تیل کی طلب ملک میں معاشی سست روی کے درمیان بحال نہیں ہو سکی ہے۔

ماہرین نے کہا کہ کمزور عالمی معیشت اور امریکا میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی انوینٹری کی وجہ سے طلب پر تشویش کے باعث نومبر اور دسمبر میں خام تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔

ایچ ڈی ایف سی سکیورٹیز کی سینئیر سیسرچ اینالسٹ سومل گاندھی کا کہنا ہے کہ ’طلب کے خدشات اور کئی ممالک کی خام پیداوار میں اضافے جیسے عوامل قیمتوں پر اثر انداز ہوں گے۔ اس وقت خام تیل کی سپلائی طلب سے زیادہ ہے۔ 2024 کی پہلی ششماہی کے لیے، ہم توقع کرتے ہیں کہ برینٹ (کروڈ) 60 سے 65 ڈالر فی بیرل (لوئر بینڈ) اور 85 سے 90 ڈالر فی بیرل (اپر بینڈ) کے درمیان رہے گا‘۔

دسمبر میں، پیٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اور ان کے اتحادیوں (OPEC+) نے عالمی سپلائی اور خام قیمتوں کو سہارا دینے کے لیے رضاکارانہ طور پر 2024 کے اوائل تک تقریباً ایک ملین بیرل یومیہ پیداوار (بی پی ڈی) کم کرنے پر رضامندی ظاہر کی، جس سے پیداوار میں کل کٹوتی 2.2 ملین بی پی ڈی یا تقریباً 2 فیصد ہے۔

لیکن جب سعودی عرب اور روس نے سپلائی میں کٹوتیوں کو نافذ کرنا شروع کیا تو بہت سے دوسرے ممالک نے اپنی پیداوار میں اضافہ کردیا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ مشرق وسطیٰ میں صرف جغرافیائی سیاسی کشیدگی ہی تیل کی قیمتوں کو بڑھا سکتی ہے۔

آئی سی آر اے کارپوریٹ ریٹنگز کے وائس پریزیڈنٹ پشانت وشست کا کہنا ہے کہ ’جنگ کی توسیع قیمتوں کو سہارا دے سکتی ہے، لیکن بصورت دیگر اگلے تین مہینوں میں خام تیل کی قیمت 75 سے 80 دالر فی بیرل کے درمیان رہنے کی توقع ہے‘۔

حماس کے حملے کی وجہ سے اسرائیل کی جانب سے غیر متناسب اور جاری ردعمل سامنے آیا، جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ خلیج کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔

حال ہی میں، بحیرہ احمر میں اسرائیل جانے والے کارگو جہازوں پر یمن میں مقیم حوثی باغیوں کے حملوں کے درمیان تیل کی قیمتوں میں عارضی اضافہ دیکھا گیا۔ اس آبی گزرگاہ میں سوئز کینال شامل ہے، جو ایک مشرقی اور مغربی تجارتی راستہ ہے اور دنیا کے تیل، اناج اور اشیائے صرف کی ترسیل کا 10 فیصد ہے۔

حملوں کے بعد معروف شپنگ فرمیں عارضی طور پر بحیرہ احمر سے گریز کر رہی ہیں، جو یورپ اور ایشیا کے درمیان تجارت کے لیے ایک اہم آبی گزرگاہ ہے۔

crude oil

OPEC+

Oil Prices in 2024