Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمر ڈار مبینہ اغوا کیس: پولیس کو ایک اور تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت

ابھی سی سی ٹی وی کیمرے سے فوٹیج نکالنے کی ہدایت نہیں دے رہا، جسٹس باقر نجفی
شائع 02 جنوری 2024 10:49am

لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما عمر ڈار کے مبینہ اغواء کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے پولیس کو کل دوبارہ تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

جسٹس علی باقر نجفی نے عثمان ڈار کی والدہ کی درخواست پر سماعت کی، دائر درخواست میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے بتایا کہ پولیس رپورٹ جمع کروا دی گئی ہے۔

درخواست گزار عثمان ڈار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جہاں سے عمر ڈار کو اٹھایا گیا ہے وہ ایک مصروف علاقہ ہے، وہاں پر سی سی ٹی سی کیمرے بھی موجود ہیں، 36 لوگ پولیس یونیفارم میں تھے جنہوں نے عمر ڈار کو اٹھایا۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ جمعے والے دن 10 سے 12 بجے کے درمیان کی وہاں سے فوٹیج نکالیں، سب سامنے آجائے گا۔

عدالت نے وکیل درخواست گزار کو ہدایت کی کہ آئی جی صاحب سے کہیں درست رپورٹ آنی چاہیے، آپ سرکاری وکیل کو فوٹیج کی یو ایس بی فراہم کریں۔

جسٹس باقر نجفی نے کہا کہ ابھی سی سی ٹی وی کیمرے سے فوٹیج نکالنے کی ہدایت نہیں دے رہا، میں چاہتا ہوں کہ پولیس ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔

خیال رہے کہ عمر ڈار کی والدہ کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پولیس یونیفارم میں ملبوس افراد سمیت 40 سے زائد لوگ عمر ڈار کو اغوا کر کے لے گئے۔

درخواست میں کہا گیا کہ مغوی کی والدہ سیالکوٹ سے خواجہ آصف کے خلاف الیکشن لڑ رہی ہیں، مغوی کے خاندان کو مسلسل سیاسی انتقام کا نشان بنایا جا رہا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت عمر ڈار کو بازیاب کروا کر پیش کرنے کا حکم دے۔

’آئی جی پنجاب پر مقدمہ درج کرواؤں گی‘

لاہور پائیکورٹ میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ڈار کی والدہ نے کہا کہ اگر میرا بیٹا نہ ملا تو میں ایف آئی آر کرواؤں گی۔

عمر ڈار کی والدہ کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب نے نوٹس کیوں نہیں لیا ؟ اگر میرے بیٹے کو کچھ ہوا تو میں آئی جی پنجاب پر مقدمہ درج کرواؤں گی۔

Umer Dar

PTI Leader Kidnap