پاکستان کے معاملے پر آئی ایم ایف اجلاس 11 جنوری کو طلب
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان کے معاملے پر آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس 11 جنوری کو طلب کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری دی جائے گی جبکہ 3 ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت اقتصادی جائزے کی منظوری بھی متوقع ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے قرضے کی منظوری کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی تاریخ سامنے آنے کے بعد کئی دنوں تک جاری رہنے والی چہ مگوئیوں اور افوہوں کا سلسلہ تھم جانے کا امکان ہے۔
پچھلے مہینے آئی ایم ایف نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے پہلے جائزے کے طور پر عملے کی سطح کے معاہدے پر پہنچ گیا ہے، جو ملک کے لئے ستر کروڑ ڈالر کے قرض کی فراہمی کے لئے پہلا قدم تھا۔
یہ فنڈز بیل آؤٹ کی دوسری قسط پر مشتمل ہوں گے جو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔
تاہم، حال ہی میں عالمی مالیاتی فنڈ کی طرف سے بورڈ کے دسمبر کے وسط میں ہونے والے اجلاس کے اعلان شدہ ایجنڈے میں پاکستان کے قرض پروگرام کو حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔ جس سے چہ مگوئیوں کا ایک لامتناہی سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
تاہم آئی ایم ایف کے بیان کے بعد تبصروں اور خدشات کا یہ سلسلہ رک جانے کا امکان ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان قرض پروگرام کے لئے بورڈ کا اجلاس 11 جنوری 2024 کو ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو حالیہ سالوں میں ادائیگی کے شدید عدم توازن کے بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کم ہونے کے ساتھ ساتھ تاریخی طور پر بڑھتے ہوئے افراط زر کے چیلنج اور کرنسی کی قدر میں غیر معمولی کمی کا سامنا تھا جس کے باعث معیشت شدید مشکلات کا شکار ہوگئی تھی۔
تاہم آئی ایم کی جانب سے قرض پروگرام کی منظوری سے قومی معیشت کو سنبھالا دینے میں مدد ملی ہے۔
Comments are closed on this story.