عدالت سے لیکر پہاڑوں تک: 2023 میں پاکستانی خواتین نے جھنڈے گاڑ دیے
نئے سال کے طلوع ہونے والے سورج سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں کیونکہ گزشتہ سال کے دوران پاکستان نے مختلف شعبوں میں متعدد سنگ میل حاصل کیے، خاص طور پر پاکستانی خواتین کو آگے بڑھتے ہوئے دیکھا گیا۔
سال 2023 میں دبئی کے مادام تساؤ میوزیم میں سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کا مومی مجسمہ کسی پاکستانی شخصیت کی پہلی نمائندگی بنا۔
مارچ میں پاکستانی نژاد برطانوی سفارتکار فوزیہ یونس ٹورنٹو میں قونصل جنرل کے طور پر تعینات ہونے والی پہلی برطانوی مسلمان بن گئیں۔
لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی تاریخ میں ایک یادگار لمحہ دیکھنے میں آیا جب 1893 میں اس کے قیام کے بعد سے صباحت رضوی پہلی خاتون سیکرٹری منتخب ہوئیں۔
جسٹس مسرت ہلالی نے پشاور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا اور بعد ازاں سپریم کورٹ کی دوسری خاتون جج بن کر ایک بار پھر تاریخ رقم کی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے اوکاڑہ کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جزیلہ اسلم کو سپریم کی پہلی خاتون رجسٹرارکا عہدہ تفویض کیا گیا۔
گزرے سال میں پیپلزپارٹی کی سعدیہ دانش گلگت بلتستان اسمبلی کی پہلی خاتون ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئیں۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رکن قومی اسمبلی رانا انصار سندھ اسمبلی میں پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر بن گئیں۔
دوسری جانب پاکستانی نژاد نمیرا سلیم نے خلا میں پہنچنے والی پہلی پاکستانی بن کر تاریخ رقم کی۔
28 سالہ حجاب زاہد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ کی پہلی خاتون جنرل منیجر بن گئیں، انہیں ملتان سلطانز کی جانب سے یہ عہدہ دیا گیا۔
معروف کوہ پیما نائلہ کیانی نے 8 ہزار میٹر سے زیادہ بلندی پر 10 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں لڑکیوں نے پابندیوں اور رکاوٹوں کا سامنا کرنے کے باوجود تحصیل کبل میں ’پہلا‘ خواتین کرکٹ میچ کھیلا۔
خواتین نے شوبز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ گزشتہ سال گریمی ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی بننے کے بعد عروج آفتاب فروری میں گریمی ایوارڈ ز میں پرفارم کرنے والے ملک کے پہلی بن گئیں۔
اقلیتی خواتین کی جانب سے بھی نئے ریکارڈ دیکھنے میں آئے جب ثمرین عامر کو خیبرپختونخوا کی پہلی مسیحی خاتون ایڈیشنل اسٹیشن ہاؤس آفیسر مقرر کیا گیا۔
گزشتہ سال خواجہ سراؤں کو باضابطہ طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کیا جانا بھی ایک غیر معمولی مثال ہے۔
Comments are closed on this story.