Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مکہ مکرمہ میں ہریالی مستقل ہونے لگی، قرب قیامت کی نشانی؟

مکہ گورنریٹ نے اپنے سوشل میڈیا پر تازہ ترین ویڈیو شائع کی ہے
شائع 31 دسمبر 2023 09:03pm
فوٹو۔۔ ٹوئیٹر
فوٹو۔۔ ٹوئیٹر

سعودی عرب کا صحرا سبزہ زار میں تبدیل ہورہا ہے، مکہ مکرمہ میں ہریالی مستقل ہونے لگی ہے۔ کچھ افراد کے ذہنوں میں یہ سوالات اٹھے رہے ہیں کہ یہ ہریالی کہیں قرب قیامت کی نشانی تو نہیں ہے؟

مکہ گورنریٹ نے اپنے سوشل میڈیا پر تازہ ترین ویڈیو شائع کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مکہ مکرمہ کے پہاڑوں پر سبزہ ہی سبزہ نظر آرہا ہے۔ جس سے مناظر انتہائی حسین دکھائی دے رہے ہیں۔

سعودی عرب اور عرب خطے میں گرمی اور خشکی کے بجائے سردی، بارشیں اور برفباری کے باعث موسمیاتی تبدیلی تیزی سے رونما ہورہی ہے۔

صحرا میں برسات کے بعد چاروں طرف ہریالی دکھائی دے رہی ہے، سعودی عرب کے بعض پہاڑوں پر برف پڑنے سے ہر سو سفیدی پھیل گئی ہے۔

موسمیاتی تبدیلی کی بات کی جائے تو سعودی عرب اور امارات میں بارشیں ہورہی ہیں، مکہ مکرمہ اور جدہ میں سیلاب آچکے ہیں، عرب سرزمین جسے ماضی میں جدید ٹیکنالوجی کو کام میں لا کر سرسبز بنانے کی کوشش کی گئی لیکن، وہ قدرتی موسم کی وجہ سے سرسبز ہورہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب گندم میں پہلے ہی خودکفیل ہو چکا ہے، اب وہاں خشک پہاڑوں پر بارشوں کی وجہ سے سبزہ اگنا شروع ہو چکا ہے۔

مکہ گورنریٹ کی جانب سے جاری ویڈیو سے قبل گزشتہ ماہ نومبر میں بھی سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو کلپ شیئر کیے جاچکے ہیں جن میں بارشوں کے بعد کا ماحولیاتی اثردیکھا گیا۔

اس غیر معمولی صورتحال کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہیں، اور بہت سے صارفین کو حیران کر رہی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کے ذہنوں میں سوالات اٹھ رہے ہیں کہ بارش کی وجہ سے مکہ مکرمہ کے پہاڑوں پر سبزہ آگیا ہے اور عرب کی سرزمین سبز وشاداب ہوگئی ہے اور حدیث میں اسے قیامت کی نشانی قرار دیا گیا ہے۔ سوال یہ بھی ہے کہ کیا ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے؟ اور اس حدیث کا صحیح مطلب کیا ہے؟ اور کیا یہ قیامت نشانی ہے؟

کچھ لوگوں نے مکہ مکرمہ کی اچانک ہریالی کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک حدیث مبارکہ سے جوڑا ہے۔

جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ ’قیامت اس وقت تک نہیں آئے گی جب تک کہ سرزمین عرب گھاس کے میدانوں اور دریاؤں میں تبدیل نہ ہو جائے‘۔

لیکن بہت سے سعودی شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماضی میں بھی بارشوں کے بعد مکہ میں ہریالی دیکھی جا چکی ہے لہذا غیر ذمہ دارانہ باتوں سے گریز کیا جائے۔

Saudi Arabia

Hajj 2024

Pakistan and Saudi Arabia

Green Hydrogen Project