Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شیخ رشید کے راولپنڈی کے 2 حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد، چیلنج کرنے کا اعلان

کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل کروں گا اور سپریم کورٹ تک جاؤں گا، شیخ رشید
شائع 30 دسمبر 2023 09:12pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کے قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں این اے 56 اور این اے 57 سے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔

راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے 4 حلقوں این اے 53، این اے55، این اے 56 اور این اے 57 سے اسکروٹی کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

اسکروٹی کا عمل مکمل ہونے پر ریٹرننگ افسران (آر اوز) نے راولپنڈی کے حلقوں کے امیدواروں کی فہرستیں جاری کردیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے 29 امیدواران کے کاغذات منظور ہوئے یہاں سے چوہدری نثار علی خان، حامد نواز راجہ، قمر الاسلام راجہ، ثوبیہ عروج قمر، غلام سرور خان کے کاغذات منظور کیے گئے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55 سے 31 امیدواران کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ 11 امیدواران کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔

این اے 55 راولپنڈی سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بشارت راجہ جبکہ مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیئے گئے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 سے 30 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے، مسلم لیگ ن کے چوہدری دانیال کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے جبکہ مسلم لیگ ن کے سجاد خان کے کاغذات نامزدگی بھی این اے 57 سے منظور ہوگئے۔

راولپنڈی کے حلقے این اے 57 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چوہدری عدنان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے، این اے 57 سے پیپلز پارٹی کے مختار عباس کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے۔

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 57 سے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے راشد شفیق کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔

شیخ رشید احمد اور ان کے بھیتجے شیخ راشد شفیق نے این اے 57 راولپنڈی سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے تاہم ڈی آر او نے دونوں کے کاغذات مسترد کردیے۔

اسی طرح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 سے مجموعی طور پر 35 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے گئے۔

حلقہ این اے 56 سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی اور دانیال چوہدری کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے جبکہ طارق محبوب کیانی، سمیرہ گل، سجاد اکبر عباسی ،عمران شفیق کے بھی کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔

اس کے علاوہ شرجیل میر، ملک شکیل اعوان، شہریار ریاض، میاں عمران حیات، عنبرین یونس ترک کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے گئے۔

راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 سےعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔

عوامی مسلم لیگ کی طرح مسلم لیگ ضیاء بھی پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت رہی ہے۔

شیخ رشید کا آر او کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد راولپنڈی کے 2 حلقوں این اے 56/57 سے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر برہم ہوگئے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ آج آدھے گھنٹے کے نوٹس پر ریٹرننگ افسر (آر او) نے مجھے بلایا اور الزام لگا کہ مری ریسٹ ہاؤس ٹھہرا اور پیسے ادا نہیں کیے حالانکہ میں آج تک مری کے ریسٹ ہاؤس میں ٹھہرا ہی نہیں ہوں، جو الزام لگا اس کے پیسے دینے کے لیے تیار ہوں، ایک زمین کے مچلکہ کا الزام لگایا کیا ڈکلیر نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میری اپنی جو بھی زمین ہے میرے نام پر ہے، سپریم کورٹ نے زمین کے کاغذات کے معاملے میں میرے حق میں فیصلہ دیا، میرے اوپر ٹیکس چھپانے کا بھی الزام لگا، آج تک ٹیکس نہیں چھپایا، مجھے نااہل کیا گیا مجھے نااہلی قبول ہے، میرے لیے اعزاز ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ریٹرننگ افسر (آر او) کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل کروں گا اور سپریم کورٹ تک جاؤں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں کئی مرتبہ وزیر رہا 94 ہزار کی کرپشن کیوں کروں گا، کل اپیل کروں گا غیر ذمہ درانہ الزام واپس لیں، میں ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ تک جاوں گا، این اے 56 اور 57 سے قلم دوات جیتے گی۔

rawalpindi

Sheikh Rasheed

nomination papers

Sheikh Rasheed Ahmed

Awami Muslim League

Election 2024

انتخابات 2024

الیکشن 2024

nomination papers reject