Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فش کری سے سرد موسم کا بہترین لُطف اٹھائیے

بہترین ترکیب سے پکی فش کری ٹھنڈے ٹھارموسم میں بھرپورلطف دے سکتی ہے
شائع 30 دسمبر 2023 01:39pm
تصویر: این ڈی ٹی وی فوڈ
تصویر: این ڈی ٹی وی فوڈ

موسمِ سرما میں جہاں خشک میوہ جات کا لطف اٹھایا جاتا ہے، وہیں کچھ ڈشز کو سردیوں میں مرغوب ترین سمجھاجاتا ہے، مچھلی بھی انہی میں سے ایک ہے جو اس موسم میں ذوق وشوق سے کھائی جاتی ہے۔

فرائی فش کے علاوہ مچھلی کا سالن، پلاؤ، بریانی اور کڑھائی سب ہی کے پسندیدہ پکوان ہیں۔

لیکن فش کری یا گریوی والی مچھلی اتنی عام نہیں ہے حالانکہ اگر اسے بہترین طریقے سے پکایا جائے توٹھنڈے ٹھار موسم میں گرما گرم فش کڑی دسترخوان پر بھرپور لطف دے سکتی ہے۔

خواتین کی رہنمائی کیلئے فش کڑی کی آسان ترین ترکیب پیشِ خدمت ہے۔

فش کری کیسے تیار کریں؟

اجزا:

کنگ فش 6 سے 7 ٹکڑے، 3 سے 4 عدد کٹی ہوئی ہری مرچ، 3 سے 4 لہسن کے جوے، 2 باریک کٹے ہوئے ٹماٹر، 1 چائے کا چمچہ لال مرچ پاؤڈر، 1 چائے کا چمچہ دھنیا پاؤڈر، 1/2 چائے کا چمچہ ہلدی، 3 چائے کا چمچہ تیل، نمک حسبِ ضرورت، پانی حسبِ ضرورت اور 1 کپ دھنیا کے کٹے ہوئے پتے۔

ترکیب:

سب سے پہلے مچھلی کو اچھی طرح دھوکر اس پر نمک، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی اور تیل مکس کرکے اچھی طرح لگاکر 2 گھنٹے کیلئے رکھ دیں۔

دھنیا کے پتوں، ہری مرچ اور لہسن کے جووں کو پیس کر پیسٹ بنالیں۔ ایک پین میں تیل گرم کرکے مچھلی کے ٹکڑوں کو دونوں سائیڈ سے ہلکا فرائی کرلیں۔

ایک دوسرے پین میں دھنیا کا تیار پیسٹ، تھوڑا سا پانی اور تیل شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں اور اسے کچھ منٹ تک پکنے دیں۔

اس کے بعد اس میں دھنیا پاؤڈر، لال مرچ پاؤڈر، نمک، ٹماٹر اور پانی شامل کرکے تھوڑی دیرکیلئے تیل اوپر آنے تک اچھی طرح پکائیں۔

مچھلی کے ٹکڑوں کو ایک پیالے میں ترتیب دیں اور ان پر یہ گریوی ڈالیں۔ تازہ دھنیا کے پتوں سے سجائیں اور گرم گرم پیش کریں۔

لیجئے لذیذ اور مزیدار فش کری تیار ہے۔

Women

lifestyle

Fish

Winter Season

Food Lover

Dry Fruits

Winters

recipes

Foods

Gravy Recipe

Fish Curry