Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

امارات کے فضائی کرائے 60 فیصد تک کم کرنے کی تیاری

سالانہ شاپنگ فیسٹیول اور سرما کی تعطیلات کے باعث فی الوقت50 فیصد تک زائد چارج کیے جارہے ہیں
شائع 30 دسمبر 2023 10:32am

متحدہ عرب امارات کے لیے فضائی کرائے جنوری کے وسط کے بعد 50 فیصد تک گھٹ سکتے ہیں۔ ہائی ڈیمانڈ روٹس پر بھی فضائی کرایوں میں غیرمعمولی کٹوتی کی جائے گی۔

سالانہ شاپنگ فیسٹیول کے باعث دبئی کے کرائے اس وقت 25 سے 50 فیصد زیادہ ہیں۔ شاپنگ سیزن ختم ہونے پر فضائی کرائے بھی کم کردیے جائیں گے۔ ٹریول انڈسٹری کے ذرائع نے بتایا ہے کہ فضائی کرایوں میں 50 تا 60 فیصد کٹوتی کی جاسکتی ہے۔

فضائی کرایوں میں کمی جنوری 2024 کے دوسرے اور تیسرے ہفتے سے دکھائی دے گی۔ یہ بات دبئی میں قائم ایم پی کیو ٹریول اینڈ ٹورزم کی سی ای او میلون پراڈو نے بتائی۔

اس وقت دنیا بھر کے سیاحوں کی آمد کے باعث دبئی کے لیے فضائی کرائے زیادہ ہیں۔ بڑے ٹور گروپ کی طرف سے بڑے پیمانے پر کرائی جانے والی بکنگ کے باعث بھی فضائی کرائے غیر معمولی ہیں۔

فلپائن کے لیے روٹس پر کرائے فروری تک زیادہ ہی رہیں گے۔ دبئی میں کام کرنے والے فلپائنی باشندے موسمِ سرما کی تعطیلات گزارنے وطن گئے ہوئے ہیں۔ ان کی واپسی کے باعث کرائے کم نہیں کیے جاسکیں گے۔

دبئی سے لندن کے لیے 15 سے 29 جنوری تک اکانومی کلاس کا یک طرفہ کرایا 2140 درہم رہے گا۔ اس وقت یہ کرایا 5135 درہم ہے۔

نیو یارک سے دبئی کا کرایا 3519 درہم ہوجائے گا جبکہ اس وقت یہ کرایا 6487 درہم ہے۔

سان فرانسسکو سے دبئی کا کرایا اس وقت 7600 درہم ہے۔ جنوری کے وسط میں یہ کرایا 5943 درہم ہوگا جبکہ بوسٹن سے دبئی کا کرایا 4276 درہم ہوجائے گا۔

دبئی سے پیرس کا کرایا 2722 درہم جبکہ ایمسٹرڈیم سے دبی کا کرایا 3005 درہم ادا کرنا ہوگا۔

منیلا سے دبئی کا کرایا جنوری کے آخر میں 2 ہزار درہم ہوجائے گا جبکہ اس وقت یہ کرایا 5 ہزار درہم تک ہے۔

اس وقت دبئی آنے والی پروازوں اور جانے والی پروازوں کے کرائے ستمبر اور اکتوبر کے مقابلے میں 25 سے 50 فیصد زیادہ ہیں۔ کرایوں میں کمی کا سلسلہ مارچ کے پہلے ہفتے تک جاری رہے گا۔

IAE AIR FARES

DUBI SHOPPING FESTIVAL

REDUCTIONS

TOURS