الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول میں پھر تبدیلی کردی
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے مخصوص نشستوں کے لیے انتخابی شیڈول میں تبدیلی کردی جبکہ مخصوص نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 جنوری تک کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے انتخابی شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔
خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 جنوری تک کی جائے گی۔
ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیل 16 جنوری تک دائر کی جا سکے گی جبکہ ایپلیٹ ٹربیونل 19 جنوری تک اپیلیں نمٹائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نظر ثانی شدہ فہرست 20 جنوری تک شائع ہوگی، مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست 23 جنوری کو آویزاں کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے صرف ریزورو سیٹس کے لیے شیڈول تبدیل کیا گیا ہے جبکہ جنرل نشستوں کے لئے شیڈول پرانا ہی رہے گا۔
یاد رہے کہ 16 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول جاری کیا تھا،الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 19 دسمبر کو ریٹرننگ افسران نوٹس جاری کریں گے، جس کے بعد 20 سے 22 دسمبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے اور 23 دسمبر تک امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری کی جائے گی، 3 جنوری 2024 کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلوں کی سماعت ہو گی۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن 10 جنوری 2024 کو اپیلوں پر اپیلیٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا اور 11 جنوری 2024 کو امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ 12 جنوری 2024 کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہو گی اور 13 جنوری 2024 کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے جس کے بعد 8 فروری 2024 بروز جمعرات کو عام انتخابات ہوں گے۔
خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کی صوبائی نشستوں کے لیے بھی اسی شیڈول کا اطلاق ہوگا۔
مزید پڑھیں
الیکشن کمیشن نے قومی میڈیا کیلئے 17 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا
عام انتخابات: الیکشن کمیشن کا اپیلٹ ٹربیونلز لگانے کیلئے عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل سے متعلق موصول تمام شکایات نمٹا دیں
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کا شیڈول بھی جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کے 15 دسمبر 2023 کو جاری احکامات کی روشنی میں ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کا عمل بحال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ 17 اور 18 دسمبر 2023 کو ہو گی جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ 19 دسمبر 2023 کو ہو گی۔
Comments are closed on this story.