Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سینچورین ٹیسٹ: گھر کے شیر باہر ڈھیر، جنوبی افریقا کے ہاتھوں بھارت کو عبرتناک شکست

جنوبی افریقی بولرز کا قہر بھارتی بلے بازوں پر خوب برسا
شائع 28 دسمبر 2023 11:42pm

جنوبی افریقا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے اننگز اور 32 رنز سے شکست دے دی۔

گھر کے شیر ایک مرتبہ پھر باہر ڈھیر ہوگئے، اپنی سرزمین پر کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے دوران تباہ کن پرفارمنس دینے والی بھارتی ٹیم کا جنوبی افریقا میں پول کھل گیا۔

سنچورین میں کھیلے گئے فریڈم ٹرافی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور بھارتی بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور اسے اننگز کی شکست دے دوچار کردیا۔

بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 245 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی، اس دوران کے ایل راہول نے 101 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ویرات کوہلی نے 38 اور شریاس ایّر نے 31 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو ربادا نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ناندرے برگر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارکو یانسین اور جیرالڈ کوئٹزی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز میں ہی بھارت سے میچ دور کردیا، ڈین ایلگر کے 185 اور مارکو یانسین کے ناقابلِ شکست 85 رنز کی بدولت 408 رنز بنائے اور 163 رنز کی برتری بھی حاصل کرلی، اس اننگز میں کپتان ٹیمبا باووما نے بلے بازی نہیں کی۔

بھارت کے جسپریت بمراہ نے 4 جبکہ محمد سراج نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شردل ٹھاکر، پرسدھ کرشنا اور روی چندرن ایشوین نے ایک ایک وکٹ لی۔

بھارتی ٹیم نے دوسری اننگز میں بیٹنگ شروع کی تو آغاز سے ہی ان کے قدم ڈگمگا گئے اور پوری ٹیم محض 131 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے جبکہ شبمن گل 26 رنز کے ساتھ قابلِ ذکر رہے۔

پوری بھارتی ٹیم میں صرف 2 کھلاڑی ہی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے جبکہ کپتان روہت شرما سمیت 4 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقی فاسٹ بولرز پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی بھارتی ٹیم کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے، ناندرے برگر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارکو جینسن نے 3 اور کگیسو ربادا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کے مڈل آراڈر بیٹر ڈین ایلگر کو 185 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

india

South Africa

south africa vs india

india vs south africa

centurion test