Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بینظیر بھٹو کے قتل کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کیا گیا، بلاول بھٹو

بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی کا بینظر بھٹو کو خراج عقیدت
شائع 26 دسمبر 2023 10:30pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بینظیر بھٹو ایک تاریخ ساز شخصیت تھیں، بینظیر بھٹو ایک زندہ تحریک اور مشعلِ راہ ہیں، میری والدہ ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانا چاہتی تھیں، بینظیر بھٹو تمام صوبوں کی ہم آہنگی کی زنجیر تھیں، بینظیر کا بہیمانہ قتل ایک مذموم سازش تھی، بینظیر کے قتل کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کیا گیا۔

اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیر اعظم اور عالمی لیڈر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بینظر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نہ صرف ایک تاریخی شخصیت بلکہ ایک زندہ تحریک اور مشعلِ راہ ہیں، بینظیر بھٹو کی حب الوطنی، پائیدار جدوجہد اور ثابت قدم قیادت کے نقوش قوم کے دل و دماغ میں ہمیشہ انمٹ رہیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میری والدہ ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے عظیم مقصد کے لیے ہمیشہ پرعزم رہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے ہم آہنگی کی زنجیر تھیں، بینظیر بھٹو کا بہیمانہ قتل ایک مذموم سازش تھی، بینظیر کے قتل ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کے ذریعے روشن خیال، اعتدال پسندی و جمہوری معاشرے کے قیام کی حکمت عملی کو نشانہ بنایا گیا، بینظیر بھٹو نے فکر بھٹو اور پارٹی کو اپنے فلسفے اور بے مثال جدوجہد کے ذریعے نئی بلندیوں تک پہنچایا، انہوں نے ہمیشہ ملک کے عام آدمی اور پسماندہ طبقات کی آواز بن کر حقیقی عوام کی نمائندگی کی۔

بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بطور وزیر اعظم قوم کو بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ دے کر ملکی دفاع کو مزید مضبوط کیا، بینظیر بھٹو نے ملک کے تنخواہ دار طبقے، کسانوں، مزدوروں، اقلیتوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کے حقوق کا تحفظ کیا، بینظیر نے ملک کے غریب شہریوں اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے دور رس اقدامات کیے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بصیرت افروز امنگوں اور مشن کا عکس ہوگا، پاکستان پیپلز پارٹی اپنی شہید قیادت کے فلسفے پر سختی سے کاربند رہے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے پرعزم ہے، یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا کہ پاکستان دنیا کے لیے خوشحال، ترقی پسند، مساوات پر مبنی اور مضبوط جمہوری وفاقی ریاست کے طور پر ایک اعلیٰ مثال ہو۔

اسلام آباد

benazir bhutto

PPP

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan People's Party (PPP)