Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

کیکڑے کا سوپ دمے کے مریضوں کو فائدہ پہنچاتا ہے یا نقصان

کیکڑے سمیت کئی طرح کی سمندری حیات میں سیلینئم نام کا کیمائی عنصر پایا جاتا ہے
اپ ڈیٹ 26 دسمبر 2023 07:08pm

کیکڑے سمیت کئی طرح کی سمندری حیات میں سیلینئم نام کا کیمائی عنصر پایا جاتا ہے۔ کیکڑے کا سوپ دمے کا علاج سمجھا جاتا ہے لیکن اگر کسی کو سمندری حیات سے الرجی ہے تو معاملہ الٹ بھی ہوسکتا ہے۔

سردیوں کے دوران بالخصوص کراچی میں سوپ پینے کا رحجان بڑھ رہا ہے۔ ایسے میں کیکڑے کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور یہ بات بھی عام ہوچلی ہے کہ کیکڑے کا سوپ دمے کے مریضوں کو آرام پہنچاتا ہے۔

تاہم یہ بات کتنی درست ہے اور کہیں ایسا تو نہیں کیکڑے کا سوپ پینے والے دمے کے مریض پہلے سے زیادہ تکلیف کا شکار ہو جائیں۔

سادہ جواب یہ ہے کہ ایسا بالکل ممکن ہے۔ کیکڑے کے سوپ سے جہاں دمے کے کچھ مریضوں کو راحت ملتی ہے وہیں بعض کے لیے یہ اذیت کا سبب بن سکتا ہے۔

چونکہ کیکڑے کے سوپ کا استعمال بڑھ رہا ہے اس لیے یہ بات سمجھنا بہت ضروری ہے کہ یہ سوپ کن مریضوں کے لیے الٹا تکلیف کا سبب بن سکتا ہے۔

پہلے یہ جان لیں کہ کیکڑے کا سوپ دمے کے مریضوں کی تکلیف کیسے کم کرتا ہے۔

کیکڑے سمیت کئی طرح کی سمندری حیات میں سیلینئم نام کا کیمائی عنصر پایا جاتا ہے۔ سلینئم قدرتی طور پر سوزش کو کم کرتا ہے۔

یاد رہے کہ دمے کی علامات سانس کی نالیوں کے ارد گرد موجود پٹھوں میں سوزش اور ان کے سکڑنے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہیں۔

چونکہ سیلینئم سوزش کا علاج ہے اس لیے کیکڑے یا دیگر سمندری حیات سے حاصل سیلینئم سے یہ سوزش کم ہوتی ہے اور مریض کو راحت ملتی ہے۔

لیکن دمے کا ایک اور تعلق الرجی سے بھی ہے۔ دمے کے مریضوں کو سب سے زیادہ مسئلہ مختلف قسم کی الرجی سے ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ معالجین ان کے مختلف قسم کے ٹیسٹ کراتے ہیں۔

عام پر دمے کے مریضوں کو مونگ پھلی، انڈوں یا دودھ سے الرجی ہوسکتی ہے۔ لیکن کچھ مریضوں کو سمندری حیات سے بھی الرجی ہوتی ہے جن میں shellfish اور کیکڑے شامل ہیں۔

اب اگر کسی مریض کو کیکڑے سے ہی الرجی ہے تو کیکڑے کا سوپ اس لیے تکلیف کا سبب بن سکتا ہے۔

بعض لوگوں مذہبی وجوہات کی بنا پر بھی کیکڑے کے سوپ کے بارے میں ابہام کا شکار رہتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ علما سے رہنمائی لیں۔

اگر کیکڑے کا سوپ استعمال کرنا ممکن نہ ہو تو مریض مچھلی سمیت ایسی سمندری خوراک استعمال کرسکتے ہیں جس میں سیلینئم کی خاطر خواہ مقدار پائی جاتی ہو۔

صحت

Asthma

healthy lifestyle

Crab food