سوئس رول : کھانے میں مزیدار اور بنانے میں بھی انتہائی آسان
سوشل میڈیا کے سبب آئے دن نت نئے کھانوں کی ترکیبیں سامنے آتی رہتی ہیں، ایک طرح سے یہ کھانا پکانے کے شوقین لیکن کچن سے نیا نیا تعارف حاصل کرنے والوں کے لیے خاصا مدد گار بھی ہے۔
ڈونٹس، کروسنٹس سے لے کر مفن جیسے کھانوں سے ہم کافی واقف ہیں لیکن کچھ ڈشز، میٹھے یا بیکری مصنوعات ایسے بھی ہیں جن کا نام سُن کر لگتا ہے کہ پتہ نہیں کیا اور کیسا ہوگا۔
کیک پیسٹری کے بعد سوئس رول بھی خاصا مقبول ہے جو بہت سے ریسٹورنٹس کے مینیو کارڈ میں ’سویٹ ڈشز‘ کی فہرست میں جگمگا رہا ہوتا ہے۔
سوئس رول خاصا پسندیدہ سمجھا جاتا ہے اور اسے تقریباً سب ہی شوق سے کھاتے بھی ہیں۔ لیکن آپ کو پتہ ہے کہ یہ دراصل کیا ہے اور کیسے بنایا جاتا ہے، اگر نہیں تو اب جان لیجئے۔
سوئس رول کیا ہے؟
سوئس رول ایک ہلکا پھلکا اسفنج کیک ہوتا ہے جس کے اندر جام، کریم یا چاکلیٹ کی لیئر لگائی جاتی ہے۔
اسے سوئس لاگ کیک، سوئس رول کیک، جیلی رول، یولیٹائڈ لاگ، کریم رول یا رول کیک کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
چونکہ یہ کیک رول کی شکل میں تیار کیا جاتا ہے اس لیے یہ عام کیک سے کافی مختلف لگتا ہے۔
کہا یہ جاتا ہے کہ سوئس رول نامی یہ کیک 19 ویں صدی میں انگلینڈ میں متعارف کروایا گیا تھا۔ یہ پہلی جنگ عظیم کے دوران مقبول ہوا تھا۔
سوئس رول کی ترکیب
سوئس رول کچن میں موجود چند ہی اجزا سے باآسانی تیار کیا جاسکتا ہے۔
اس کیک کے اجزاء میں میدہ، انڈے، چینی، بیکنگ پاؤڈر اور ونیلا ایسنس شامل ہوتے ہیں۔
سب سے پہلے انڈے، چینی، بیکنگ پاؤڈر، ونیلا اور میدہ ملا کر کیک کا بیٹر تیار کریں۔ اسے پہلے سے گرم اوون میں 180 ڈگری سینٹی گریڈ پر 7 سے 10 منٹ تک بیک کریں۔
اب بٹر پیپر پر آئسنگ شوگر چھڑک کر ایک طرف رکھ دیں، بیک ہوئے کیک کو اس پر رکھ کر رول کرلیں۔
اسے تھوڑی دیر کے لیے ٹھنڈا ہونے دیں، اسے دوبارہ سیدھا کرکےاوپری سطح پر جام پھیلا دیں اوردوبار پھر رول کریں۔
مزیدار سوئس رول تیار ہے۔
Comments are closed on this story.