Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

بکرے کی ہڈیوں کا گودا کہاں ہے؟ خواہش پوری نہ کیے جانے پردولہا والے واپس لوٹ گئے

معاملے میں پولیس بھی شامل، لیکن مٹن بون میرو کی خواہش نے صلح نہ ہونے دی
شائع 26 دسمبر 2023 11:30am

بھارتی ریاست تلنگانہ میں باراتیوں کے لیے کھانے میں بکرے کی ہڈیوں کا گودا گوشت شامل نہ کیے جانے پر منگنی کی تقریب کے دوران رنگ میں بھنگ پڑ گیا۔ واقف حال افراد کا کہنا ہے کہ دولہا کے گھر والے تیلگو فلم سے متاثر تھے۔

دولہا کے اہل خانہ اس بات پر ناراض تھے کے پہلے سے طے کیے جانے کے باوجود مینو میں مٹن بون میرو کیوں نہیں رکھا گیا۔

دلہن کا تعلق نظام آباد سے جبکہ دولہا جگتیال سے تھا۔ دلہن کی رہائشگاہ پر منعقدہ اس منگنی میں دلہن کے گھر والوں نے مہمانوں کے لیے نان ویجیٹیرین مینو کا انتظام کیا تھا جس میں ان کے اہل خانہ اور دولہا کے رشتہ دار بھی شامل تھے۔

تقریب کے بعد اس وقت جھگڑا شروع ہو گیا جب مہمانوں نے نشاندہی کی کہ کھانے میں مٹن کی ہڈیوں کا گودا تو ہے ہی نہیں، میزبانوں کی جانب سے اس بات کی تصدیق کے بعد کہ پکوانوں میں ہڈیوں کا گودا شامل نہیں کیا گیا، یہ تنازع مزید بڑھ گیا۔

کچھ ہی دیر میں اس معاملے میں پولیس بھی شامل ہوگئی۔ مقامی پولیس اسٹیشن کے عہدیداروں نے دولہا کے اہل خانہ کو لڑائی کو حل کرنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے اپنی خواہش رد کیے جانے ”توہین“ قرار دیا۔

دولہا کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ دلہن کے گھر والوں نے جان بوجھ کر یہ چھپایا کہ ہڈیوں کا گودا مینو میں نہیں تھا۔

آخر کار منگنی کی تقریب کا اختتام اس کی منسوخی پر ہوا۔

بہت سے افراد کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک انتہائی مشہورتیلگو فلم کے پلاٹ سے ملتا جلتا ہے۔ مارچ میں ریلیز ہونے والی فلم ’بالاگام‘ میں دکھایا گیا تھا کہ دونوں خاندانوں کے درمیان مٹن بون میرو پر تنازع کے بعد ایک شادی منسوخ کردی گئی۔

india

Wedding

Engagement

Mutton Bone Marrow

WEDDING CALLED OFF