Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی عہدیدار رہائی کے فوری بعد گائے چوری کے مقدمے میں گرفتار

پولیس نے بابر گجر کو 18 ستمبر کو درج ہونے والے پرچے میں حراست میں لیا
شائع 25 دسمبر 2023 02:32pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عہدیدار بابر گجر کو رہائی ملنے کے فوری بعد گائے چوری کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا۔

پی ٹی آئی یوتھ ونگ تحصیل چوآسیدن شاہ کے عہدیدار بابر گجر کو ایم پی او سے رہائی ملنے کے فوری بعد 60 ہزار روپے مالیت کی گائے چوری کے مقدمے میں دھر لیا گیا۔

نصیر الدین بابر المعروف بابر گجر کا تعلق چوآسیدن شاہ کے گاؤں چھنبی سے ہے۔ ان کا تعلق ایک کھاتے پیتے زمیندار گھرانے سے ہے اور وہ ایک پرائیویٹ اسکول کے مالک ہیں۔

بابر گجر، ملک اختر شہباز، ملک احسان محمود اور ایڈووکیٹ سید نجم الحسن کو 21 دسمبر کو ڈپٹی کمشنر چکوال کے حکم پر مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈینینس (ایم پی او) کے تحت حراست میں لے کر جہلم جیل منتقل کیا گیا تھا۔

تاہم چکوال بار اور پنجاب بار کونسل کے شدید دباؤ کی وجہ سے ڈی سی نے اسی رات ان چاروں افراد کو یہ کہہ کر رہا کرنے کا حکم دیا کہ ڈی پی او کے مطابق اب امن و امان کی صورتحال بہتر ہو چکی ہے لہذا ان چاروں افراد کو مزید حراست میں رکھنا مطلوب نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

گاڑیوں کی بیٹریاں چوری کرنے والے دو سگے بھائی گرفتار، ویڈیو وائرل

تحریک انصاف کا رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں کا الزام

چوری کا سُراغ لگانے والے کے لیے لاکھوں روپے انعام کا اعلان

جیسے ہی 21 دسمبر کی رات ان چاروں افراد کو جہلم جیل سے رہا کیا گیا تو وہاں پر موجود کلر کہار پولیس نے ملک اختر شہباز کو 9 مئی کو کلر کہار میں ہونے والے احتجاج کے مقدمے میں نامعلوم افراد میں ڈال کر جب کہ چوآ سیدن شاہ پولیس نے بابر گجر کو 18 ستمبر کو درج ہونے والے گائے چوری کے پرچے میں دھر لیا۔

پی ٹی آئی گرفتار عہدیدادار بابر گجر دو دن کے ریمانڈ پر ہیں اور منگل کو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

18 ستمبر کو منہالہ گاوں کے رہائشی محمد عاطف نے تھانہ چوآ سیدن شاہ میں درخواست دی کہ وہ اپنی کالے رنگ کی گائے کو صبح قریبی گاوں نالی کے جنگل میں چرنے کے لیے چھوڑ کر آیا لیکن شام کو گائے واپس نہ آئی۔

درخواستگزار نے استدعا کی کہ اس کی گائے کو کسی نے چوری کر لیا، لہٰذا پولیس سے درخواست ہے کہ اس کی گائے کی تلاش میں قانونی مدد کی جائے اور چوروں کو سزا دلوائی جائے۔

تین ماہ تک تو پولیس نہ ہی عاطف کی گائے ڈھونڈ سکی اور نہ ہی چور پکڑ سکی۔ تاہم 21 دسمبر کو پولیس پر اچانک یہ راز کھلا کہ وہ بابر گجر جسے ایک دن پہلے ایم پی او کے تحت پکڑ کر جہلم جیل بند کیا وہی گائے چوری میں ملوث ہیں۔

چکوال کے صحافی نبیل انور ڈھکو ںے مدعی عاطف سے رابطہ کیا تو وہ بابر گجر کا نام سن کر حیران ہوئے اور پھر کہا کہ بابر گجر ایسی حرکت نہیں کر سکتے۔

تفتیشی افسر رحمت اللہ کا کہنا ہے کہ اگر تفتیش میں بابر گجر بے گناہ نکلے تو انہیں چھوڑ دیا جائے گا۔

دوسری طرف ملک اختر شہباز جو حلقہ پی پی 22 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں انہیں آج عدالت سے ضمانت ملنے پر رہا کردیا گیا ہے۔

pti

arrest

Election 2024