Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کاغذات جمع کرانے کے بعد امیدوار انتقال کرجائے تو کیا الیکشن ہوگا؟

خیبر میں مقامی رہنما نیاز ولی کے انتقال سے پیدا ہونے والی صورتحال
اپ ڈیٹ 25 دسمبر 2023 12:54pm
نیازولی ۔ فائل فوٹو
نیازولی ۔ فائل فوٹو

خیبر میں عوامی نیشنل پارٹی کے ایک مقامی رہنما اچانک انتقال کرگئے۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیاکہ وہ اے این پی کے امیدوار تھے تاہم بعد ازاں تصدیق ہوئی کہ انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے۔

تاہم ان خبروں نے یہ بحث چھیڑ دی کہ اگر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد لیکن بیلٹ پیپر چھپنے سے پہلے اگر کوئی امیدوار انتقال کر جائے تو الیکشن کیسے ہوگا۔

خیبر میں پیر کو انتقال کرنے والے اے این پی رہنما نیاز ولی تھے۔

اے این پی نے صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 70 کے لیے جن امیدواروں کے نام تجویز کیے تھے ان میں نیاز ولی آفریدی بھی شامل تھے۔

چونکہ نیاز ولی کا نام تجویز کردہ امیدواروں میں شامل تھا اس لیے شروع میں یہی خیال کیا گیا کہ کاغذات جمع کرانے والے امیدوار کا انتقال ہوا ہے اور شاید الیکشن ملتوی ہوجائے۔

تاہم ریٹرننگ افسر کی جاری کردہ فہرست سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی کے 70 میں اے این پی کی جانب سے سلیمان شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ نیاز ولی نے کاغذات جمع نہیں کرائے تھے۔

اطلاعات کے مطابق نیاز ولی کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

الیکشن کمیشن کے قواعد میں درج ہے کہ اگر کوئی امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد انتقال کرجاتا ہے تو اس صورت میں ریٹرننگ افسر اس حلقے کا انتخاب ملتوی کردے گا اور یہ انتخاب نئے سرے سے دوبارہ ہوگا۔

لیکن ایسی صورت میں دیگر امیدواروں کے لیے دوبارہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرانا یا فیس دینا ضروری نہیں۔ بلکہ پہلے سے جمع کاغذات نامزدگی ہی درست تصور ہوں گے۔

khyber

ANP

Election 2024

Niaz Wali demise