Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے عمل میں پولیس کی مداخلت پر الیکشن کمیشن کا ایکشن

شفاف انتخابات میں کسی رکاوٹ کو برادشت نہیں کریں گے، صوبائی الیکشن کمشنر کا آئی جی پنجاب کو فون
اپ ڈیٹ 24 دسمبر 2023 01:43pm

پنجاب میں امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے کے معاملے پر الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

گزشتہ روز ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالودود خان نے صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل کو ایک شکایتی خط لکھا تھا، جس می ں کہا گیا تھا کہ انہیں لاہور کے ریٹرننگ افسران (آر اوز) کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اورخصوصاً پولیس کی مداخلت کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ شکایات موصول ہونے کے بعد متعلقہ اداروں سے فون پر رابطے کی کئی بار کوشش کی گئی اور متعدد خطوط بھی لکھے، تاہم کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

ضلعی الیکشن کمشنر نے اپنے خط میں صوبائی الیکشن کمشنر سے درخواست کی کہ وہ آئی جی پنجاب سے چیف سیکریٹری پنجاب سے رابطہ کریں تاکہ انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے بچا جاسکے۔

ضلعی الیکشن کمشنر کے اس خط کے بعد الیکشن کمشنر پنجاب نے آئی جی پنجاب کو فون کیا اور کہا کہ ریٹرنگ افسران کےکام میں مداخلت قبول نہیں ہے، شفاف الیکشن کیلئے سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ دینی ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے دعوے کیے جا رہے ہیں کہ ان کے رہنماؤں اور امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا جارہا ہے اور ان پر تشدد کرکے گرفتار کیا جارہا ہے۔

تحریک انصاف میں شمولیت کرنے والے معروف قانون دان لطیف کھوسہ کا بھی کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی کے حصول میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ میں بھی درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن لڑنے سے روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے، عدالت کاغذات نامزدگی چھیننے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے اور تمام رہنماؤں کو ہراساں کرنے سے روکے۔

پی ٹی آئی کے رہنما تیمور جھگڑا نے آج نیوز کے پروگرام فیصلہ آپ کا میں بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے ہاتھوں سے کاغذات نامزدگی چھینےجارہےہیں، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، خیبرپختونخوامیں ہمیں صرف ایک ایونٹ کرنےکی اجازت ملی، ہمارےایونٹ میں بھی پولیس آگئی۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانا امیدواروں کا حق ہے، اگر پولیس نے کسی امیدوار کو روکا تو کارروائی ہوگی۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے آئی جی پنجاب کو کہا ہے کہ شفاف انتخابات میں کسی رکاوٹ کو برادشت نہیں کریں گے۔

جس پر آئی جی پنجاب نے صوبائی الیکشن کمشنر کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے تمام آر پی آوز کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ شفاف الیکشن کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں۔

Election Commission of Pakistan (ECP)

saeed gull

Election Commissioner Punjab

Nomination papers Snatchin

IG Punjab Usman Anwar