Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

’مجھ پہ الزامات کی سچائی کی تحقیق آرڈر کریں‘ عدالتی ریمارکس پر خواجہ آصف کا بیان

میری یہ درخواست بھی لیول پلیئنگ فیلڈ کا حصہ ہے۔ مہربانی فرمائیں، رہنما ن لیگ
شائع 24 دسمبر 2023 12:24am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے عدالتی ریمارکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’مجھ پہ الزامات کی سچائی کی تحقیق آرڈر کریں‘۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر خواجہ آصف نے ٹوئٹ کیا جس میں عدالتی ریمارکس سے متعلق بیان دیا اور عدالت سے استدعا بھی کی۔ انھوں نے سیاسی رہنماء عثمان ڈار کی والدہ کے بیان سے متعلق بھی لب کشائی کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں عثمان ڈار کی والدہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے ان کے گھر میں چھاپہ مار کر زدوکوب کیا، یہ سب خواجہ آصف کی ایما پر کیا گیا، میرا پورا خاندان جیل جانے کو تیار ہے۔

خواجہ آصف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ محترم جسٹس جناب اطہر من اللہ صاحب آپ کے کل کے عدالتی ریمارکس میڈیا نے رپورٹ کیے۔ میری مؤدبانہ گزارش ہے کہ صرف ریمارکس نہیں انصاف کا تقاضا ہے کہ سیالکوٹ کے وقوعہ کی انکوائری آرڈر کریں۔

رہنما ن لیگ نے مزید لکھا کہ ’موقعہ پہ کلوز سرکٹ کیمرے تھے ویڈیو سامنے لائیں۔ آڈیو کی فرانزک آرڈر کریں اور مجھ پہ الزامات کی سچائی کی تحقیق آرڈر کریں‘۔ میری یہ درخواست بھی لیول پلیئنگ فیلڈ کا حصہ ہے۔ مہربانی فرمائیں۔

سابق وزیر دفاع نے مزید لکھا کہ شکایت کنندہ نے بھی اپنی ویڈیو میں انصاف کی دہائی دی ہے۔ بہت مہربانی انصاف کی سر بلندی ہوگی۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل سپریم کورٹ نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی 10،10لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کےعوض ضمانت منظورکرلی تھی، اور ریمارکس دیے تھے کہ سابق وزیراعظم پر جرم ثابت نہیں ہوا وہ معصوم ہیں، ان کے باہر آنے سے کیا نقصان ہوگا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تحریک انصاف کے سابق رہنما عثمان ڈار کے الزامات پر ردعمل بھی دیا تھا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو عثمان ڈار نے جو کردار ادا کیا اور اس کے بعد روپوش ہوگئے تھے، اس کا ملبہ بھی مجھ پہ ڈال دیں۔

خواجہ آصف نے کہا تھا کہ عثمان ڈار روپوشی کے بعد پکڑے گئے، اور پھر انہوں نے نجی ٹی وی چینل پر پچھتاوے کا اظہار کیا، معافی مانگی، اور اپنے لیڈر پہ جو الزامات لگائے، اس کا ملبہ بھی میرے پہ ڈال دیں۔

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Cypher case

Election 2024

PTI bat symbol