پی ٹی آئی کے حق میں ہیومن رائٹس کمیشن کا اہم بیان
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی ) نے آئندہ عام انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کو اپنی پسند کا انتخابی نشان نہ دینے اور کاغذات نامزدگی جمع کرنے سے مبینہ طور پر روکنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری بیان میں ایچ آر سی پی نے کہا ہے کہ یہ جان کر شدید تشویش ہے کہ حکام پی ٹی آئی کے امیدواروں کو اگلے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے مبینہ طور پر روک رہے ہیں اور یہ کہ جماعت کو اپنی پسند کا انتخابی نشان بھی نہیں دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان حالیہ دنوں میں مختلف شہروں میں بدامنی پھیلانے کے مبہم الزامات پر پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف مقدمات کے اندراج کی بھی مذمت کرتی ہے۔
ایچ آر سی پی نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں اور ساتھ ہی پارٹی سے منسلک خواتین کی 9 مئی سے مسلسل حراست جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی، اور سیاسی نمائندگی و انجمن سازی کے بنیادی حق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان ایک بار پھر نگران حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو یاد دلانا چاہتا ہے کہ وہ اپنے اختیار سے تجاوز نہ کریں تاکہ شفاف و معتبر انتخابات کا انعقاد یقینی ہو سکے۔
Comments are closed on this story.