Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ سے کاغذات نہ ملنے پر شاہ محمود قریشی رہا نہ ہوسکے

عدالتیں کل اور پیر کو بھی بند رہیں گی
شائع 23 دسمبر 2023 03:03pm

شاہ محمود قریشی کے وکیل تیمور ملک کا کہنا ہے کہ سائفر کیس میں سپریم کورٹ ضمانتی حکم نامے کی مصدقہ کاپی ابھی جاری نہیں کی گئی ہے، اس لیے آج ان کی رہائی کا امکان کم ہے۔

جمعہ کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے سائفر کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیٸرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا، جس کے بعد امکان تھا کہ شاہ محمود قریشی کو رہائی مل جائے گی۔

سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ہائیکورٹ کا عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو ضمانت نہ دینا دستیاب مواد کے خلاف ہے، ہائیکورٹ نے ضمانت نہ دے کر حقائق کے برخلاف رائے دی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری بیان میں تیمور ملک نے لکھا کہ ’سپریم کورٹ کے سائفر کیس میں ضمانتی آرڈر کی مصدقہ کاپیاں ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہیں اور اس لیے خصوصی عدالت کو بھی اس سلسلے میں باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا ہے‘۔

تیمور ملک کے مطابق ’اس لیے بدقسمتی سے شاہ محمود قریشی کی رہائی کا عمل آج مکمل ہونے کا امکان بہت کم ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’مطلوبہ عمل بشمول ضمانتی بانڈز/ضامن جمع کرانے اور خصوصی عدالت کے ذریعے روبکار کا اجراء صرف سپریم کورٹ کے حکم کی مصدقہ کاپیاں جاری کرنے کے بعد ہی کیا جا سکتا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’عدالتیں کل اور پیر کو بند رہیں گی اور اس وجہ سے اس تاخیر کے نتیجے میں شاہ محمود قریشی بغیر کسی وجہ کے اڈیالہ جیل میں بلاجواز قید رہیں گے‘۔

Shah Mehmood Qureshi

Bail

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Cypher case