Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پشاور سے کراچی پہنچنے والی ٹرین سے 5 کلو وزنی بم برآمد، بڑی تباہی ٹل گئی

بم میں ٹائمر دوپہر12 بجے کا لگا تھا، ڈیوائس ناکارہ تھی دھماکا نہیں ہوا، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف
اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2023 08:49pm
کراچی : کینٹ اسٹیشن پر بیگ سے بم برآمد۔ تصویر بذریعہ مصنف
کراچی : کینٹ اسٹیشن پر بیگ سے بم برآمد۔ تصویر بذریعہ مصنف

پشاور سے کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچنے والی ٹرین سے پانچ کلو وزنی بم برآمد ہوا ہے، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم میں ٹائمر دوپہر12 بجے کا لگا تھا، اس وقت ٹرین سکھر اور روہڑی جنکشن پر تھی، ڈیوائس ناکارہ ہونے کی وجہ سے دھماکا نہیں ہوا۔

ریلوے پولیس کے مطابق اسٹیشن پر عوامی ایکسپریس کی سیٹ کے نیچے رکھے ایک بیگ میں بم برآمد ہوا۔

ریلوے پولیس نے بتایا کہ مشکوک بیگ میں بیٹری نما چیز تھی جس میں تاریں لگی ہوئی تھیں۔

بعد ازاں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اس بات کی تصدیق کی کہ بیگ سے برآمد ہونے والی بیٹری نما چیز بم تھا۔

بیگ سے بم برآمد ہونے کے بعد رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

اس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کے اہلکاروں نے حفاظتی لباس اور روبوٹ کی مدد سے بم کو ڈفیوز کیا۔

یہ بھی پڑھیں :

[کراچی : دو مختلف واقعات میں 5 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، مبینہ تشدد سے ایک ہلاک][1]

[کراچی: بینک سے 2 کروڑ 45 لاکھ روپے کا غبن کرنے والا ملزم گرفتار][2]

[کراچی: فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق][3]

بی ڈی ایس کی رپورٹ کے مطابق بم عوامی ایکسپریس میں بوگی نمبر پانچ کی سیٹ نمبر 71 کے نیچے لال اور کالے رنگ کے بیگ میں موجود تھا، جس پر ’کیمل ماؤنٹین‘ لکھا ہوا تھا۔

بی ڈی ایس کی رپورٹ کے مطابق میں بم کا کل وزن چار سے پانچ کلو تھا، بیگ میں ڈھائی کلو دھماکہ خیز مواد، مکینیکل ٹائمر، 12 وولٹ کی خشک بیٹری، الیکٹرک ڈیٹونیٹر، مورٹار کنٹینر (چھروں اور کیلوں سے بھری بوتل) موجود تھا۔

بی ڈی ایس نے رپورٹ میں بتایا کہ تمام سامان کو حفاظت کے ساتھ کارٹن میں رکھ کر کینٹ اسٹیشن پولیس کے ایس ایچ او کے حوالے کردیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات مکمل، بم میں ٹائمر دوپہر12 بجے کا لگا تھا

جمعہ کو کینٹ اسٹیشن کراچی سے ٹرین سے بم برآمد ہوا، معاملے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ پشاور سے آنے والی ٹرین سے ملنے والے بم کی ڈیوائس ناکارہ تھی، ٹرین پشاور سے کراچی پہنچی تھی، بم پشاور اسٹیشن پر رکھا گیا تھا۔

اسد رضا نے بتایا کہ بم میں ٹائمر دوپہر12 بجے کا لگا تھا، اس وقت ٹرین سکھر اور روہڑی جنکشن پر تھی، ڈیوائس ناکارہ ہونے کی وجہ سے دھماکا نہیں ہوا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ کینٹ اسٹیشن پہنچنے کے ایک گھنٹے بعد بم کی موجودگی کی اطلاع ملی، پشاور سے کراچی تمام اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی حاصل کررہے ہیں، ملزمان کے خلاف کینٹ اسٹیشن تھانے میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔ [1]: https://www.aaj.tv/news/30361725/ [2]: https://www.aaj.tv/news/30361708/ [3]: https://www.aaj.tv/news/30361553/

Pakistan Railways

karachi

Karachi Police

Street Crimes