الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو تشہیری ہورڈنگز اتوار تک ہٹانے کی ڈیڈ لائن دے دی
عام انتخابات 2024 کے قریب آتے ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) متحرک ہوگیا، الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو تشہیری ہورڈنگز اتوار تک ہٹانے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
جمعے کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ کچھ امیدواران کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک کے مختلف حصوں میں بڑے بڑے اشتہاری ہورڈنگز لگائے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام امیدواران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ان ہورڈنگز کو اتوار تک خودہی ہٹا دیں بصورت دیگرمانیٹرنگ ٹیمیں نہ صرف ان کوہٹا دیں گی بلکہ متعلقہ امیدواران کے خلاف ضابطہ اخلاق کے مطابق کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران، ٹیموں کی تعنیاتی کا نوٹیفکیشن جاری
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 کے لیے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور مانیٹرنگ ٹیموں کی تعنیاتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
تاہم ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ٹیمیں انتخابی عمل کے دوران ضابطہ اخلاق اور الیکشن قوانین کی مانیٹرنگ کریں گی، کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران و مانیٹرنگ ٹیمیں تمام اضلاع میں انتخابی عمل اور انتخابی مہم کی کڑی نگرانی کریں گی، ڈویژنل سطح پر ریجنل مانیٹرنگ کوآرڈینیٹر بھی تعنیات کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کروانے کا وقت بڑھا دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے وقت میں 2 دن کا اضافہ کر دیا ہے، کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست کل جاری کی جائے گی، تاہم اتوار سے شروع ہونے والے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال رواں ماہ کی 30 تاریخ تک جاری رہے گی۔
بعدازاں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی پراعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی، امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔
مزید پڑھیں
چائے فروش بھی الیکشن لڑنے کیلئے تیار، کاغذات نامزدگی جمع
انتخابات میں نوجوانوں کا ٹرن آؤٹ کتنا ہوگا، پلڈاٹ کی پیش گوئی سامنے آگئی
منظور وسان نے الیکشن کے تناظر میں نوازشریف سے متعلق اہم پیش گوئی کردی
Comments are closed on this story.