Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پونچھ سیکٹر حملے پر بھارت نے پاکستان کے خلاف واویلا شروع کردیا

گھر گھر تلاشی کے دوران حملے میں 5 بھارتی قابض فوجی مارے گئے تھے، ذمہ داری پی اے ایف ایف نے قبول کی
شائع 22 دسمبر 2023 03:10pm

بھارتی میڈیا نے جمعرات کو مقبوضہ کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں 5 بھارتی قابض فوجیوں کی ہلاکت کے حوالے سے پاکستان مخالف واویلا تیز کردیا ہے۔ نام نہاد پیپلز اینٹی فاشسٹ فرنٹ نے پونچھ سیکٹر میں سرچ آپریشن کے دوران گھات لگاکر کیے گئے حملے کی ذمہ داری کا دعویٰ کیا ہے۔ مقبوضہ وادی میں لاکھوں فوجیوں اور خصوصی ریزرو فورس کے دستوں کی تعیناتی کے باوجود مقامی کشمیر حریت پسندوں کے حملے روکنے میں ناکامی پر ملبہ پاکستان پر گرانا بھارتی قیادت اور میڈیا کا پرانا وتیرا ہے۔

حملہ آوروں نے اس واقعے کی تصویریں بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہیں۔ ان تصویروں میں وہ ہتھیار بھی دیکھے جاسکتے ہیں جن میں امریکی ساخت کی رائفلز شامل ہیں۔ 1980 کے عشرے میں تیار کی جانے والی یہ رائفلز امریکی فوج کی انفنڑی کا بنیادی ہتھیار ہے اور 80 سے زائد ممالک میں استعمال ہو رہا ہے۔

معروف جریدے انڈیا ٹوڈے کا دعویٰ ہے کہ (مقبوضہ) کشمیر میں بھارتی (قابض) فوج پر حملوں میں امریکی ایم فور رائفلز کے استعمال کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ 2016 سے سیکیورٹی فورسز کو مقابلوں میں مارے جانے والے جیش محمد کے جنگجوئوں کے قبضے سے یہ رائفلز ملتی رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا یہ واویلا بھی کر رہا ہے کہ پیپلز اینٹی فاشسٹ فرنٹ (پی اے ایف ایف) دراصل جیش محمد کا نیا نام بھی ہوسکتا ہے۔ حالیہ چند مہینوں میں پی اے ایف ایف نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوج پر ہر بڑے حملے کی ذمہ داری کا دعویٰ کیا ہے۔

اپنی روایات دہراتے ہوئے بھارتی میڈیا تواتر سے یہ دعویٰ بھی کر رہے ہیں کہ راجوری اور پونچھ سیکٹر کے دور افتادہ علاقوں سے تربیت یافتہ جنگجوئوں کو بھارتی فوج پر حملوں کے لیے داخل کیا جارہا ہے۔ بھارتی میڈیا کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ان حملوں کے لیے مقامی باشندوں میں موجود ایجنٹس کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ سرکردہ بھارتی چینلز، ویب سائٹس اور اخبارات یہ واویلا بھی کر رہے ہیں کہ حملہ آور اپنے حملوں کو ریکارڈ کرکے بھارت کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے لیے ہیلمٹ کیمرے بھی استعمال کر رہے ہیں۔

جمعرات کے خود کش حملے کے بعد بھارتی قابض فوجیوں نے علاقے میں سرچ آپریشن تیز کردیا ہے۔ فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

kashmir

Indian forces