Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹرانسپیرنسی رپورٹ پر نوٹس: ایک جج بھی کرپشن میں ملوث ہوا تو مثالی سزا دینگے، پشاور ہائیکورٹ

اگرمجھ میں خرابی ہے تو بتائیں خداکی قسم اپنےخلاف بھی لکھوں گا، جسٹس ابراہیم خان
شائع 22 دسمبر 2023 02:43pm

پشاورہائی کورٹ کے چیف جسٹس ابراہیم خان نے ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ میں عدلیہ کو کرپٹ ادارہ قرار دینے کا نوٹس لے لیا ہے اور کہا ہے کہ ایک جج بھی کرپشن میں ملوث ہوا تو مثالی سزا دینگے، اگر مجھ میں خرابی ہے تو بتائیں خدا کی قسم اپنے خلاف بھی لکھوں گا۔

رواں ماہ 8 دسمبر کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے نیشنل کرپشن پر سروے رپورٹ 2023 جاری کی، جس میں محکمہ پولیس کو 30 فیصد شرح کے ساتھ سب سےکرپٹ ادارہ قرار دیا گیا۔ اور عدلیہ کو کرپشن میں تیسرے نمبر پر قرار دیا گیا۔

پشاورہائی کورٹ کے چیف جسٹس ابراہیم خان نے رپورٹ پر نوٹس لیتے ہوئے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے نمائندہ اور وکلا کو طلب کرلیا۔

عدالتی طلبی پر ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا نمائندہ اور وکلا عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس ابراہیم خان نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ میں کہاں کرپشن ہوتی ہے ہمیں بتا دیں، ہم خود کو صاف کریں گے تو ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی بات کریں گے۔

نمائندہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے عدالت کے سامنے مؤقف پیش کیا کہ رپورٹ عوامی رائے پر مبنی ہوتی ہے، لوگوں کی رائے کی بنیاد پر رپورٹ بنائی ہے۔

جسٹس ابراہیم خان نے ریمارکس دیے کہ ہم اپنا احتساب کریں گے، خرابی کو ٹھیک کریں گے، جو بھی کرپشن میں ملوث ہو اس کےخلاف کارروائی کریں گے، اگر مجھ میں خرابی ہے تو بتا دیں خدا کی قسم اپنے خلاف بھی لکھوں گا، ایک جج بھی کرپشن میں ملوث ہوا تو مثالی سزا دیں گے۔

نمائندہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کہا کہ رپورٹ رجسٹرار آفس کو فراہم کردی ہے، آپ رپورٹ دیکھیں گے تو آپ کو کلیئر ہو جائے گا۔

جسٹس ابراہیم خان نے ریمارکس دیے کہ میں خود رپورٹ کو دیکھ لوں گا، اگر ثبوت نہیں تو رپورٹ واپس لیں اور ہمیں لکھ کردیں، رپورٹ میں عدلیہ کو کرپشن میں تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے، اس سے عدلیہ کی بدنامی ہورہی ہے۔

عدالت نے سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی۔

Peshawar High Court

Transparency International Pakistan

Transparency Report