Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

تحریک انصاف کا رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں کا الزام، ویڈیوز شیئر کردیں

اعجاز چوہدری کے کاغذات نامزدگی بھی چھین لیے گئے، ذرائع
اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2023 01:17pm
فوٹو: ایکس اکاؤنٹ پی ٹی آئی۔  اسکرین گریپ
فوٹو: ایکس اکاؤنٹ پی ٹی آئی۔ اسکرین گریپ

تحریک انصاف کی جانب سے مسلسل الزام عائد کیا جارہا ہے کہ ان کے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جارہے ہیں، اور اب دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے رہنماؤں کے گھروں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سینیٹر اعجازچوہدری کے کاغذات نامزدگی بھی چھین لیے گئے ہیں، اور ان کے بھتیجے کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ عاطف چوہدری اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ اعجازچوہدری کے کاغذات نامزدگی این اے127سے جمع کرانے تھے، پولیس نے تینوں کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق عاطف چوہدری اور ان کے ساتھیوں کو آر او آفس جوہر ٹاؤن سے حراست میں لیا گیا ہے۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تحریک انصاف نے مختلف رہنماؤں کے گھروں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز پوسٹ کی ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ ان کے رہنماؤں کو پولیس کی جانب سے تنگ کیا جارہا ہے اور ان کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ایکس پر تحریک انصاف نے ایک ویڈیو جاری کی اور ساتھ لکھا کہ عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ امتیاز نے آج کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا اعلان کر رکھا ہے، اور پولیس کی بھاری نفری ان کے گھر کے باہر پہنچ گئی ہے۔

تحریک انصاف نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ پنجاب پولیس کی بھاری نفری ڈار برادران کے گھر کے باہر موجود ہے، کیا چیف جسٹس پاکستان اور الیکشن کمیشن اس پر نوٹس لیں گے۔

تحریک انصاف نے اپنے ایک اور رہنما اسامہ میلہ کے گھر ویڈیو شیئر کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے چھاپے کے دوران ان کا تمام گھریلو سامان توڑ دیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب ان کے رہنما مہر کاشف کے گھر پر بھی پولیس ریڈ کا دعویٰ کیا گیا ہے اور ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے گھر میں موجود قیمتی سامان توڑ دیا گیا ہے، اور لاکھوں روپے نقدی، سونے کے زیورات بھی چوری کرلئے گئے ہیں۔

قصور میں کوٹ رادھا کشن سے سردار راشد طفیل کے گھر کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا اور گھر میں توڑ پھوڑ کے علاوہ عورتوں سے شدید بدتمیزی بھی کی۔

تحریک انصاف نے فیصل آباد سے عبداللہ خان دمڑ کے گھر کی سی سی ٹی فوٹیج پوسٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے گھر پر پولیس نے آدھی رات کو غیر قانونی چھاپہ مارا، پولیس ان کے گیٹ توڑ کر گھر میں داخل ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنما سعید احمد بھلی ایڈووکیٹ کے گھر کی ویڈیو بھی پوسٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سیالکوٹ پولیس نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا، اہلکار دروازے توڑ کر گھر میں داخل ہوئے، تمام گھریلو سامان توڑ دیا گیا۔

pti

imran khan

nomination papers

PTI Leaders arrested

Police Raids