Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سعودی عرب کا ویزا لینا آسان، نیا پلیٹ فارم لانچ کردیا گیا

درخواست گزاروں کی سہولت کے لیے 30 نجی صنعتوں اور اداروں کو پلیٹ فارم سے منسلک کیا گیا ہے
شائع 22 دسمبر 2023 08:39am

سعودی عرب نے ویزا کے لیے درخواست کا طریق کار آسان بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اس لسلسے میں نیا ویزا پلیٹ فارم شروع کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد مختلف مقاصد کے تحت سعودی عرب آنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔

عربیہ بزنس ڈاٹ کام کے مطابق نئے یونیفائیڈ ویزا پلیٹ فارم کے ذریعے حج، عمرے، کاروبار، سیاحت اور کام کاج کے سلسلے میں ویزا جاری کیے جائیں گے۔ اس ویزا پلیٹ فارم سے 30 نجی صنعتیں اور ادارے جڑے ہوئے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے موثر استعمال سے سعودی عرب آنے کے خواہش مند افراد مطلوب دستاویزات کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

معاون وزیر خارجہ عبدالہادی بن احمد المنصوری نے کے ایس اے ویزا نامی پلیٹ فارم کا افتتاح کیا۔ جو ڈجیٹل گورنمنٹ فورم کا حصہ ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ویزا جاری کرنے سے متعلق افعال کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی گئی ہے۔ سعودی عرب آنے کے خواہش مند افراد کے لیے اسمارٹ سرچ انجن بھی رکھا گیا ہے تاکہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق مطلوب ویزا تیزی اور آسانی سے حاصل کرسکیں۔

ہر کیٹیگری کے لیے مطلوب دستاویزات اور درخواست جمع کرانے کے طریق کار کی مکمل صراحت کی گئی ہے۔ اپ ڈیٹیڈ پرسنل پروفائل کی مدد سے وزیٹرز اپنے ویزا کی آسانی سے تجدید کرسکیں گے اور دوبارہ درخواست دینا بھی آسان ہو جائے گا۔ اس ویزا پلیٹ فارم کو مصنوعی ذہانت اور دیگر نئی ٹیکنالوجیز سے آراستہ کیا جاتا رہے گا۔ رواں سال سعودی عرب نے ایک کروڑ 86 لاکھ سے زائد ویزا جاری کیے ہیں۔

Saudi Arabia

Visa Platform