Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان نے 3 حلقوں کے لئے کاغذات نامزدگی پر دستخط کردیئے، اڈیالہ جیل میں ’غائب‘ وکیل سامنے آگیا

چکوال اور سیالکوٹ میں پی ٹی آئی امیدوار کاغذات جمع کراتے ہوئے گرفتار
اپ ڈیٹ 21 دسمبر 2023 08:08pm
فوٹو ــ ٹوئٹر/پی ٹی آئی
فوٹو ــ ٹوئٹر/پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن سے قبل دھاندلی کا سلسلہ جاری ہے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے آنیوالے پی ٹی آئی رہنما کو سیالکوٹ میں گرفتار کرلیا گیا۔ پی ٹی آئی نے عمران خان کے پاس جانیوالے وکیل کے غائب ہونے کا دعویٰ بھی کیا، تاہم بعد میں وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ وہ عمران خان سے دستخط لینے کے لئے جیل میں تھے۔

پی ٹی آئی نے اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ بانی چئیرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی ایڈووکیٹ رائے محمد علی نے دستخط کروائے اس کے بعد انہیں جیل کے اندر سے ہی غائب کر دیا گیا ہے اور باہر انتظار میں کھڑے وکلا کو کہا جا رہا ہے کہ ہمیں کچھ پتہ نہیں۔

بعد ازاں وکیل رائے محمد علی میڈیا کے سامنے آگئے اور بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی ان کی لیگل ٹیم اڈیالہ جیل لے کر گئی تھی، لیگل ٹیم میں بلال عمر بودلہ، اخلاق چٹھہ اور میں شامل تھے۔

وکیل محمد علی نے الزام عائد کیا کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ نے کاغذات نامزدگی چھینے اور 7 گھنٹے تک جیل کے اندر روکے رکھا، 7 گھنٹے بعد بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی ہمارے حوالے کئے گئے، جس کے بعد ہم جیل سے واپس نکل آئے۔

وکیل رائے محمد علی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں اپنے کاغذات نامزدگی پر دستخط کرد ئیے ہیں، وہ میانوالی، لاہور اور اسلام آباد سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا اعلان کیا ہے۔

سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنما گرفتار

پاکستان تحریک انصاف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار ایک شخص کو پکڑ کر موبائل میں ڈال رہے ہیں۔

پی ٹی آئی نے ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ دعویٰ کیا کہ پری پول رگنگ مسلسل جاری۔ سیالکوٹ میں کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کیلئے آنے والے تحریک انصاف کے رہنما کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایکس پیغام میں پی ٹی آئی نے ایک سوال بھی لکھا کہ کیا چیف جسٹس صاحب اس پر نوٹس لیں گے؟

پی ٹی آئی رہنما پر والدہ کے سامنے تشدد کا الزام

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ”ایکس“ اکاؤنٹ سے ایک اور ویڈیو شیئر کی جس میں ایک خاتون مختلف دعوے کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

ٹوئٹ میں پی ٹی آئی نے ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ اہلیہ میجر طاہر صادق کے دعویٰ کے حوالے سے لکھا کہ میجر طاہر صادق، ایمان طاہر، زین الہیٰ، انبشاط اور میرے کاغذات نامزدگی تیار تھے لیکن رات کو ہماری ٹیم کے ممبر بلال کو اسکی 70 سالہ والدہ کے سامنے تشدد کر کے اس سے ہمارے کاغذات چھین لیے گئے۔

بات یہیں ختم نہیں ہوئی پی ٹی آئی نے اپنے ٹوئٹ میں ایک اور بڑا دعویٰ بھی کیا۔

چکوال کے ریٹرنگ آفس سے پی ٹی آئی رہنما گرفتار

اس کے علاوہ پی ٹی آئی نے ایک اور ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ چکوال حلقہ پی پی 22 کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہوئے تحریک انصاف کے ملک اختر شہباز ریٹرننگ آفس سے گرفتار ہوگئے۔

ٹوئٹ میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ ، کیا چیف جسٹس صاحب اور الیکشن کمیشن آف پاکستان اس پر نوٹس لیں گے؟

pti

Election Commission of Pakistan (ECP)

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Election 2024