Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پشاور کے حلقہ پی کے 81 سے خواجہ سرا نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

علیحدہ سیٹ نہ ہونے کہ وجہ سے جنرل سیٹ پر کاغذات جمع کرائے، خواجہ سرا صوبیا خان
شائع 21 دسمبر 2023 06:17pm
فوٹو:سوشل میڈیا
فوٹو:سوشل میڈیا

پشاور میں پہلی بار خواجہ سراء نے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے صوبائی نشست پر آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے، خواجہ سراء صوبیا خان نے کہا کہ خواجہ سراؤں کے لئے علیحدہ سیٹ نہ ہونے کہ وجہ سے جنرل سیٹ پر کاغذات جمع کرائے ہیں۔

پشاور سے تعلق رکھنے والی خواجہ سراء صوبیا خان نے حلقہ پی کے 81 سے صوبائی سیٹ پر آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی کوہاٹ روڈ میں اسسٹنٹ کمشنر سید احسن علی شاہ کے دفتر میں جمع کرائے۔

صوبیا خان ضلع پشاور سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے گریجویشن تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور ان کو خیبرپختونخوا کی پہلی خواجہ سراء براڈ کاسٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

صوبیا خان کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات جیت کر خواجہ سراء کمیونٹی کے حقوق کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں اور وہ اس سوچ کو بھی تبدیل کرنا چاہتی ہیں کہ خواجہ سراء معاشرے میں فلاح و بہبود کے لیے کام نہیں کرسکتے ہیں، اگر ان کو اختیارات مل جائیں تو وہ لوگوں کی بہتری کے لیے کام کرسکتے ہیں۔

صوبیا خان نے کہا کہ وہ غیر سرکاری تنظیموں اور سوشل ویلفیئر سے درخواست کریں گی کہ وہ ان کی انتخابی مہم کو سپورٹ کریں جبکہ ضلعی انتظامیہ سے بھی درخواست کریں گی کہ اس دوران انکو سکیورٹی فراہم کی جائے کیونکہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی خواجہ سرا انتخابات میں براہ راست حصہ لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے گھر والے اور علاقے کے لوگ بھی انکو سپورٹ کررہے ہیں، تاہم وہ خود علاقے میں گھر گھر جاکر انتخابی مہم چلائیں گی اور مردوں کے علاوہ علاقے کی خواتین سے بھی ملیں گی تاکہ وہ انکو سپورٹ کریں۔

صوبیا خان کہتی ہیں کہ خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ سیٹ نہ ہونے کہ وجہ سے انہوں نے جنرل سیٹ پر کاغذات جمع کرائے ہیں ۔

Khyber Pakhtunkhwa's first transgender broadcaster

Election 2024