Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

فلسطینیوں سے اظہار یکجہی : آئی سی سی نے عثمان خواجہ کو ضوابط کی خلاف ورزی پر چارج کر دیا

عثمان خواجہ پر کپڑوں اور سازوسامان کے ضوابط کی شق ایف کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا، ترجمان
اپ ڈیٹ 21 دسمبر 2023 07:07pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کا فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سیاہ پٹی باندھنا آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی قرار۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اوپننگ بلے باز پر فرد جرم عائد کردی۔

آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران آرم بینڈ پہننے پر کرکٹ کی گورننگ باڈی کی جانب سے سرزنش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق کھلاڑیوں کو آرم بینڈ پہننے سے پہلے اپنے ہوم کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی دونوں سے اجازت لینا ہوگی بصورت دیگر وہ آئی سی سی کی ہدایات کی خلاف ورزی کا خطرہ مول لیں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عثمان خواجہ پر کپڑوں اور سازوسامان کے ضوابط کی شق ایف کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ضابطوں کی خلاف ورزی پر عائد پابندیوں کا خاکہ ضمیمہ 2 میں دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل عثمان خواجہ نے پریکٹس کے دوران ایسے جوتے پہنے تھے جن پر ہاتھ سے لکھا تھا کہ ’’آزادی ایک انسانی حق ہے‘‘ اور ’’تمام زندگیاں برابر ہیں‘‘۔

خواجہ عثمان کا پہلے ٹیسٹ میں مخصوص جوتے پہننے کا ارادہ تھا تاہم آئی سی سی کی مخالفت کی وجہ سے انھوں نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں مخصوص جوتے تو نہیں پہنے لیکن بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر میچ میں شرکت کی۔

Cricket Australia

Pakistan Cricket Team

Usman Khawaja